کویت اردو نیوز: یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے زیراہتمام بچوں کا سالانہ مقابلہ حسن قرآت منعقد کیا گیا۔ یہ مقابلہ مسجد ابو رافع جلیب الشیوخ میں بعد نماز جمعہ ہوا جس میں بچوں کی ایک کثیر تعداد نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز حافظ زبیر رشید کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ یوتھ ونگ کے صدر ملک عبدالغفار نے یوتھ ونگ کی تمام سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی کے ساتھ ساتھ اس سالانہ مقابلہ حسن قرآت کی اہمیت پر بات کی اور کہا کہ ہم اللہ کے شکر گذار ہیں کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں قرآن کی محفل سجانے کی توفیق عطا فرمائی۔
انہوں نے بچوں کے والدین کو بھی مبارکباد دی کہ وہ اس ایونٹ کا حصہ بنے۔ مقابلہ حسن قرآت کے قواعد و ضوابط نوید اقبال نے پیش کیے۔ بچوں نے انتہائی خوبصورت انداز اور پُرسوز آواز میں قرأت کرکے ایک سماں باندھ دیا۔
بچوں کو عمر کے لحاظ سے دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ گروپ اے میں 12 سال تک کے بچے رکھے گئے تھے جبکہ دوسرے گروپ میں 13 سے 18 سال کے بچے تھے۔ تین ججز پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جو مشتاق احمد، نوید اقبال اور ندیم عباس پر مشتمل تھی جنہوں نے بچوں کو ان کی صلاحیت اور کارکردگی کے مطابق نمبرز دئے۔
تقریب کی رونق شعبہ یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی شب و روز کی محنت شاقہ کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ مشتاق احمد نائب صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی نے تمام جج صاحبان کے فیصلے کے مطابق دونوں گروپوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کرنے والے بچوں کے ناموں کا اعلان کیا اور انھیں دوسرے بچوں کے ہمراہ اپنے انعامات اور سرٹیفیکیٹس حاصل کرنے کے لئے سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔
مواصلاتی کمپنی Oreedoo کی جانب سے بچوں میں بیگز تقسیم کئے گئے اور بچوں کو افطار پیکٹ بھی دئیے گئے۔
پروگرام کی کمپیئرنگ جناب ڈاکٹر محمد احسن ، نائب کمپیئرنگ حسن ارشد چوہدری نے اچھے انداز سے کی۔
آخر میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر حافظ حفیظ الرحمن نے حاضرین کو قرآن پاک فضیلت اور عظمت کے حوالے ایک بھرپور خطبہ ارشاد فرمایا ۔ انہوں نےیوتھ ونگ کو بچوں کے اس مبارک پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔
اسلامک ایجوکیشن کمیٹی حلقہ خیطان کی طرف سے مشالی کام کرنے پر خالد محمود کو اعزازی شیلڈ سے نوازہ گیا جو کہ مستقل پاکستان جا رہے ہیں۔ سمر کیمپ کے ٹیچرز عمران ظفر اور الطاف حسین میں شیلڈ تقسیم کی گئی۔
پروگرام کا اختتام نائب صدر جناب جاوید اقبال کے دعائیہ کلمات سے کیا گیا۔ پروگرام جمعہ کی نماز کے بعد سے شروع ہو کر عصر کی نماز تک جاری رہا۔ پروگرام کی کوریج آئی ای سی میڈیا ٹیم نے کی۔