کویت اردو نیوز : دنیا کی پہلی فلائنگ ٹیکسی سروس متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں شروع ہوگی ، اس کے علاؤہ بھی دبئی میں بہت کچھ ہے جو دنیا میں کہیں نہیں دیکھا جا سکتا۔
امریکی کمپنی جوبی ایئر دبئی میں فلائنگ ٹیکسی سروس شروع کرے گی۔ امریکی کمپنی نے اس مقصد کے لیے رواں سال کے شروع میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ شراکت داری کا اعلان بھی کیا تھا۔
کمپنی 2025 میں ابتدائی آپریشنز کو ہدف بنا رہی ہے جبکہ کمرشل سروس 2025 کے آخر تک صارفین کجلیے دستیاب ہو گی۔
اس حوالے سے کمپنی کے صدر بونی سمی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دبئی نے اس حوالے سے دنیا کے کسی بھی خطے کے مقابلے میں سب سے زیادہ پیش رفت حاصل کی ہے اور اسی وجہ سے ہم وہاں سے اپنی سروس شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ، اس سے ہمیں سروس شروع کرتے وقت مالی نقصان کا خطرہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
بونی سمی کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں دبئی حکومت کی جانب سے مالی معاونت بھی کی جائیگی جب کہ ریگولیٹری اتھارٹیز سروس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس طرز کی 4 گاڑیاں استعمال کی جائیں گی جو ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف اور لینڈ کر سکتی ہیں جب کہ دبئی میں گاڑیوں کے لینڈنگ پوائنٹس دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پام جمیرہ ، برج خلیفہ وغیرہ ہونگے۔