کویت اردو نیوز 09 جون: وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل حمود الصباح نے اپنی رپورٹ میں ملک میں صحت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ نے عالمی صحت اور علاقائی سطح پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی تازہ ترین پیشرفتوں پر وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل حمود الصباح کی وضاحت سنی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک پوری دنیا میں انفیکشن کی تعداد 173 ملین تک پہنچ چکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 3,730,000 ہوگئی ہے اور پوری دنیا میں ویکسین کی تقسیم شدہ خوراکوں کی تعداد 2.99 ارب ہے۔ انہوں نے ان اعدادوشمار کی بنیاد پر ملک کی تازہ ترین صحت کی صورتحال کے بارے میں بھی بات کی جو اسپتالوں میں انفیکشن اور متاثرین میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے حالیہ دنوں میں وبائی صورتحال کی عدم استحکام کو ظاہر کرتی ہیں۔
ایسے وقت میں جب ملک معمول کی زندگی کی طرف گامزن ہے کابینہ نے تمام شہریوں اور رہائشیوں سے صحت اور احتیاطی تقاضوں کی پابندی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ عام زندگی میں واپسی کے کامیاب منصوبے کا انحصار پوری عوام پر ہے ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر باسل الصباح نے معاشرے اور اس سرزمین پر رہنے والے ہر فرد کی صحت کو محفوظ رکھنے کے لئے معاشرے کے تمام افراد اور اداروں کے تعاون کا مطالبہ کیا۔
کابینہ میں وزارتی کورونا وائرس کمیٹی کے ذریعہ جاری کردہ سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ 13 جون سے برطانیہ کے ساتھ براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کریں۔ کابینہ نے صحت کی تمام ضروریات کو عملی جامہ پہنانے کے ساتھ 13 جون تک تمام میوزیم اور ثقافتی مراکز کو دوبارہ کھولنے پر بھی اتفاق کیا۔