کویت اردو نیوز 02 نومبر: کویت کی وزارت صحت نے کوویڈ19 کی تیسری بوسٹر خوراک کو بغیر ایڈوانس بکنگ کے لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے شہریوں اور رہائشیوں کو بغیر کسی ایڈوانس بکنگ کے (تیسری) بوسٹر کورونا وائرس ویکسین خوراک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے بشرطیکہ ویکسین کی دوسری خوارک لیے ہوئے چھ ماہ گزر چکے ہوں۔ جو لوگ تیسرا شاٹ لینا چاہتے ہیں انہیں براہ راست مشرف کے علاقے میں واقع ویکسی نیشن سینٹر جانا ہو گا۔ وزارت صحت نے مدافعتی نظام کو بڑھانے اور کورونا وائرس کے خلاف بہتر تحفظ فراہم کرنے کے لیے اس شاٹ کو لینے کی اہمیت پر زور دیا۔ روزنامہ الانباء کے معتبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا کہ لوگوں سے کورونا کے خلاف ویکسین کی
تیسری یا بوسٹر خوراک حاصل کرنے کی ضرورت کے ساتھ ساتھ شہریوں کے بیرون ملک سفر یا غیر ملکیوں کے داخلے کے لیے اس شرط کو ضوابط میں شامل کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وبائی امراض کے اعدادوشمار میں مسلسل بہتری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ملک چھوڑنے یا داخل ہونے کے لیے کوئی نیا ضابطہ نافذ
نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بند جگہوں میں صحت کے ضوابط کے اطلاق کے پابند رہیں اور اگر انہوں نے ابھی تک کورونا ویکسین کی خوراک نہیں لی تو انہیں ویکسین لینی چاہئے۔ ذرائع نے وائرس کے خلاف تحفظ کی سطح کو مزید بڑھانے اور ان کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے چھ ماہ قبل دوسری خوراک حاصل کرنے والے بعض زمروں کے لیے بوسٹر شاٹ لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔