کویت سٹی 13 اپریل: روزنامہ القبس کی جانب سے شائع کردہ سرکاری ذرائع کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے بچاؤ کی تدابیر اپناتے ہوئے ملک بھر میں تمام قسم کی سرگرمیاں محدود کرنے کی وجہ سے کثیر تعداد میں تارکین وطن کو اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ذرائع نے بتایا کہ ہزاروں افراد کو نوکریوں سے فارغ کیا جارہا ہے، نوکریوں سے محروم افراد میں زیادہ تر کم اجرت والے افراد شامل ہیں ان میں ایسے افراد بھی شامل ہیں جو روزمرہ کی اجرت سے خوراک اور بنیادی ضروریات کا بندوبست کرتے تھے۔کورونا بحران نے معیشت پر منفی اثرات مرتب کئے ہیں جسکے باعث دنیا کی معیشت عدم استحکام کا شکار ہورہی ہے اور ایک اندازے کے مطابق رواں سال کے آخر تک متعدد کمپنیاں بند ہونے اور کئی ملازمین برطرف کئے جانےکا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ بحران نجی شعبے مثلاً دکانیں، مرد و خواتین کے صالون ، گارمینٹ شاپس، کار گیراج و اسپیئر پارٹس، کیفے، تفریحی مقامات، تھوک و پرچون کی تجارت، نقل و حمل اور اسٹوریج بند ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ پبلک اتھارٹی فار سول انفارمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق تقریبا 4200 تارکین وطن کام نہیں کررہے ہیں جبکہ وہ لیبر فورس کے حصے کے طور پر ریاست کے نظام میں اندراج شدہ ہیں۔