کویت اردو نیوز 04 فروری: صحت سے متعلق نافذ کئے گئے اقدامات میں ناکامی پر معائنہ ٹیموں کے گشت جاری ہیں جبکہ متعدد دکانوں و اداروں کو جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں۔
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام نے اداروں، بازاروں، دکانوں اور سہولیات میں صحت کے ضوابط کو نافذ کرنے کے لیے اپنے معائنہ کے دورے جاری رکھے۔ ہیلتھ ریکوائرمنٹ کمیٹی میں خواتین کی ٹیموں نے شادی ہالز اور خواتین کی سہولیات میں 1,000 خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جن میں کارکنان کا ماسک نہ پہننا، وارننگ پوسٹرز آویزاں کرنے میں ناکامی، جراثیم کش ادویات فراہم نہ کرنا اور دیگر خلاف ورزیاں شامل تھیں۔
روزنامہ کا عملہ حال ہی میں دارالحکومت میں ایک تجارتی کمپلیکس کے معائنہ کے دوران اجناس کی نگرانی اور قیمتوں کے تعین کے لیے ایڈوائزری کمیٹی میں ٹیکنیکل اسٹاف ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں معائنہ ٹیم کے ہمراہ تھا۔ دورے کی دوران ٹیم نے صحت کے ضوابط کی تعمیل میں ناکامی پر متعدد اداروں کو انتباہ جاری کیا۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کویت میں گزشتہ روز جمعرات کو 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5,990 افراد کے کوویڈ19 ٹیسٹ مثبت ثابت ہوئے جس سے ملک میں کیسوں کی تعداد 564,735 ہو گئی ہے۔ وزارت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند کے مطابق تقریباً 5,101 مزید افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے جس سے اس بیماری پر قابو پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 507,174 ہو گئی ہے۔ وزارت کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند کے مطابق صحت یاب ہونے سے مثبت کیس کا تناسب 89.8 فیصد ہے۔ انہوں نے کویت نیوز ایجنسی کو بتایا کہ وائرس سے منسلک دو اموات نے وبائی مرض سے ملک میں ہونے والی اموات کی تعداد 2,503 تک بڑھا دی ہے جبکہ 503 افراد وائرس سے اسپتال میں داخل ہیں جن میں سے 89 کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے۔