کویت اردو نیوز 05 نومبر: کویتی شہری ایک دھوکہ باز کے ہاتھوں 83,000 کویتی دینار سے محروم ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک کویتی شہری ایک نامعلوم بین الاقوامی کال کا جواب دیتے ہوئے آدھے گھنٹے کے اندر اندر 83,000 کویتی دینار کھو بیٹھا۔ کال کرنے والے نے کویتی شہری کو یہ کہتے ہوئے گمراہ کیا کہ وہ ایک تجارتی کمپنی سے ہے اور اسے اپنا ذاتی ڈیٹا اور بینک اکاؤنٹ نمبر اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ متاثرہ شہری نے حل کی تلاش میں سیکورٹی حکام کا سہارا لیا کیونکہ وہ ایک مالیاتی بروکریج کمپنی کے ذریعے بین الاقوامی اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ تجارت کرتا تھا۔ جب اسے کال موصول ہوئی تو کال کرنے والے نے بتایا کہ وہ بروکریج کمپنی کا ملازم ہے جس کے ذریعے وہ اپنا تجارتی لین دین کرتا ہے۔ اسٹاک کے ساتھ
تجارت جاری رکھنے کے لیے اسے ڈیٹا اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے لہٰذا اپنا سول آئی ڈی نمبر، بینک اکاؤنٹ اور پاسپورٹ کی تفصیلات بتائیں چنانچہ کویتی شہری نے کال کرنے والے دھوکے باز کو اپنا بطاقہ ، بینک اکاؤنٹ اور پاسپورٹ نمبر کی تفصیلات ظاہر کر دیں۔ متاثرہ شخص نے اپنی گفتگو کے آدھے گھنٹے کے اندر دیکھا کہ اسے ایک بینک میسج موصول ہوا کہ اس کے بیلنس سے 83,000 KD کاٹ لیے گئے ہیں۔ جب اس نے بینک اور بروکریج کمپنی کو کال کی تو پتہ چلا کہ وہ ایک دھوکہ باز کے چکر میں پڑ گیا ہے کیونکہ بروکریج فرم نے اسے ڈیٹا اپڈیٹ کرنے کے لیے کوئی کال نہیں کی تھی۔ بینک میں جعلسازی کا مقدمہ درج کیا گیا جسے محکمہ فوجداری تفتیش کے حوالے کر دیا گیا۔