کویت اردو نیوز 04 مارچ: جزوی کرفیو کے اوقات میں مساجد بند نہیں ہوں گی جبکہ ریسٹورانٹ ، سوسائٹیوں ، فارمیسیوں اور متوازی مارکیٹوں کو آرڈر فراہم کی اجازت ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر برائے اوقاف و امور اسلامیہ عیسیٰ الکندری نے تصدیق کی ہے کہ جزوی پابندی کے وقت مساجد کو بند نہیں کیا جائے گا جس کا اطلاق آئندہ اتوار سے ہوگا جبکہ نمازیوں کو پیدل گھروں کے قریب مساجد میں جانے کی اجازت ہوگی۔ الکندری نے روزنامہ القبس کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں مساجد تمام خطوں میں واقع ہیں اور صحت کی ضروریات کو پوری طرح سے نافذ کرکے تمام مساجد میں جانے کی اجازت ہو گی۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع نے القبس کو انکشاف کیا ہے کہ اگلے اتوار سے شروع ہونے والی جزوی پابندی کے اطلاق کے ساتھ شام 5 بجے کے بعد ملک میں تمام سرگرمیاں بند کردی جائیں گی لیکن اس وقت کے بعد ریسٹورانٹ اور فارمیسیوں کو گھروں تک آرڈر فراہم کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ بندرگاہ سے آنے والے سبزی اور دودھ کے ٹرکوں کو متوازی مارکیٹوں میں سپلائی دینے کی بھی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ ایئر کنڈیشنر ، ہنگامی حالت اور لفٹ کی مرمت کرنے والوں کو بھی کام کرنے کی اجازت ہو گی۔
ذرائع نے زور دے کر کہا کہ اس پابندی کا اطلاق ایک مہینے کے لئے کیا جائے گا جس کے بعد اس کے اوقات میں اضافہ، کمی یا پابندی منسوخ کرنے کا فیصلہ جاری کیا جائے گا۔