کویت اردو نیوز 03 جنوری: کویت کی سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل نے کہا کہ وہ کویت میں آنے والے کسی مسافر کو اس وقت تک قبول نہیں کرے گا جب تک کہ پی سی آر ٹیسٹ کا منفی سرٹیفکیٹ جمع نہ کرایا جائے۔ سرٹیفکیٹ کی میعاد کویت داخل ہونے سے 72 گھنٹے کے اندر ہونی چاہیے جس کا اطلاق منگل 04 جنوری 2022 سے ہو گا۔ سرکاری کمیونیکیشن سینٹر کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ نے کہا کہ کویتی حکومت نے ملک میں وبائی امراض کے حالات کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ بند جگہوں پر ہر قسم کے لوگوں کے اجتماعات پر پابندی عائد کر دی جائے جو اگلے اتوار 09 جنوری سے 28 فروری تک جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ کویت میں کورونا کیسوں کی تعداد میں حیرت انگیز طور پر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 03 جنوری 2022 کو کورونا کے یومیہ کیسوں کی تعداد 982 ریکارڈ کی گئی جس سے کیسوں کی مجموعی تعداد 4,19,314 ہو گئی ہے جس کو دیکھتے ہوئے وزراء کونسل کی جانب سے مندرجہ بالا فیصلے لئے گئے ہیں۔