کویت اردو نیوز 18 اگست: کویتی شہریوں نے مشہور برینڈ کی دکان سے مجسمہ ہٹانے کا مطالبہ کردیا، وزارت تجارت نے برینڈ کے خلاف سخت ایکشن لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق محبت اور خوبصورتی کی قدیم یونانی دیوی Aphrodite کا ایک مجسمہ ملک کی بڑی برینڈ کی دکان پر رکھا دیکھا گیا جس پر شہریوں کا شدید ردعمل سامنے آیا۔ شہریوں نے ملک کے مشہور شاپنگ سنٹر 360 مال میں موجود ایک برینڈ کے خلاف شکایت درج کروائی جس کے نتیجے میں وزارت تجارت نے دکان سے یونانی دیوی کا مجسمہ ہٹادیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں واضح دکھایا گیا کہ وزارت تجارت میں معائنہ اور نگرانی کا محکمہ شہریوں کی شکایت کے نتیجے میں مجسمہ ہٹارہا ہے۔ ایک شہری نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر ایک تصویر شیئر کرنے کے بعد وزارت تجارت سے مجسمے ہٹانے کا مطالبہ
کیا اور کیپشن میں لکھا کہ "ہم ایک مسلم ملک میں ہیں”۔ وزارت تجارت نے کاروائی کے دوران جب دکان کے ملازمین سے پوچھ گچھ کی تو ملازمین نے بتایا کہ مجسمہ برانڈ کی نئی کلیکشن کے مطابق رکھا گیا ہے۔
سابق رکن پارلیمنٹ محمد حیاف نے ایک ٹویٹ میں وزیر تجارت کا ان مجسموں کو ہٹانے پر شکریہ ادا کیا جو ان کے مطابق "اندھی تقلید ، اندھا پن اور بصیرت میں محبت کے دیوتا ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، برینڈ کی تجارتی لالچ یہ فرق نہیں کرسکی کہ حلال اور حرام کیا ہے؟ جہاں کچھ نے اس اقدام کی تعریف کی تو کچھ نے اس پر تنقید بھی کی اور ہٹانے کی بنیاد اور حکومت کی ترجیحات پر سوال اٹھایا۔