کویت اردو نیوز 07 جنوری: کورونا سے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد اور محکمہ صحت کے حکام کی درخواست کی وجہ وزارت اوقاف نے کل بروز جمعہ سے مساجد میں سماجی دوری کا اطلاق کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت اوقاف اور اسلامی امور نے کورونا کیسوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کی وجہ سے صحت کے حکام کی درخواست پر مساجد میں نمازیوں کے درمیان فاصلے کو دوبارہ نافذ کرنے کا اعلان کیا جس کا اطلاق آج 07 جنوری جمعہ کی نماز سے نافذ العمل ہو گا۔
وزارت اوقاف و اسلامی امور کے انڈر سیکرٹری انجینئر فرید اسد عمادی نے بتایا کہ محکمہ صحت کے حکام کی درخواست اور کورونا وائرس سے متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر مساجد میں نمازیوں کے درمیان فاصلہ بڑھایا جائے گا جو کہ آج اس مہینے کی 7 تاریخ کو نماز جمعہ سے شروع ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام ائمہ کو نمازیوں کے ذریعہ صحت کی ضروریات کو لاگو کرنے پر بھی زور دیا گیا تھا جیسے کہ ماسک پہننا، ذاتی قالین لانا اور سماجی دوری کا اطلاق کرنا۔
عمادی نے نشاندہی کی کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر صحت حکام کی جانب سے ائمہ اور مبلغین کو جمعہ کی نماز سے نمازیوں کے مابین سماجی فاصلے کے لیے سرکلر جاری کیا گیا تھا جس میں وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور صحت کی ضروریات کو پورا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔