کویت اردو نیوز 04 فروری: برسوں تک عوام کے لیے بند رہنے کے بعد کویت لبریشن ٹاور کا آبزرویشن ڈیک اتوار 6 فروری 2022 سے زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مواصلات کے انڈر سیکریٹری خولود الشہاب نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ کویت کی نمایاں عمارتوں میں خاص مقام رکھنے والے "لبریشن ٹاور” کے دروازے برسوں بعد 06 فروری 2022 کو عام عوام کے لئے کھول دیئے جائیں گے۔ 150 میٹر بلند کویت کے اس لبریشن ٹاور کا آبزرویشن ڈیک کویت سٹی اور آس پاس کے علاقوں کے دلکش نظارے پیش کرتا ہے جبکہ اسی ماہ لبریشن ٹاور میں کویت میں ٹیلی کمیونیکیشن کی تاریخ پر ایک نمائش بھی منعقد کی جا رہی ہے۔ اس نمائش میں کویت کی ڈاک خدمات اور ٹیلی کام آلات کے مجموعے کی نمائش کی جائے گی۔ لبریشن ٹاور میں داخلہ مفت ہو گا لیکن زائرین کو
پہلے سے آن لائن رجسٹر کرنا ہوگا جبکہ وزٹ کرنے والے افراد کو یہ یقینی بنانا ہو گا کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوا چکے ہیں اور وہ ویکسین شدہ ہیں۔ صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک کے اوقات کار غیر ملکی سفارت کاروں، سرکاری وفود اور سرکاری، نجی اور خصوصی ضروریات والے اسکولوں کے طلباء کے لیے ہوتا ہے جبکہ
شام کے اوقات کار ہفتے کے دنوں میں دوپہر 3 بجے سے رات 8 بجے تک اور اختتام ہفتہ پر 2 بجے سے رات 8 بجے تک عوام کے لیے ہوتا ہے۔ فی بکنگ زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹوں کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔ ہر ٹکٹ میں ٹکٹ نمبر کے علاوہ لبریشن ٹاور میں داخل ہونے کے لیے ایک منفرد QR کوڈ ہوتا ہے۔ ٹکٹ کی ایک کاپی وزیٹر کے ای میل پر بھی بھیجی جائے گی اور اسے پی ڈی ایف فارمیٹ میں ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ کوویڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ داخلی دروازے پر پیش کرنا ہوگا اور وزارت صحت کے تمام حفاظتی رہنما خطوط اور ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔ ٹاور کے پیچھے زائرین کے لیے پارکنگ کی جگہیں مختص کی جائیں گی اور بسیں انہیں داخلی دروازے تک لے جائیں گی۔
لبریشن ٹاور کویت سٹی کے قلب میں ایک مشہور تاریخی ٹاور اور نشان ہے جو وزارت مواصلات کے زیر ملکیت چلایا جاتا ہے۔ یہ انجینئرنگ اور آرکیٹیکچرل ڈیزائن کی شان ہے اور کویت میں ایک شاہکار اور منفرد نشان ہے۔ ٹکٹوں کی بکنگ www.liberationtower.com یا ریزرویشن کے لیے وزارت مواصلات کے شعبہ تعلقات عامہ کے نمبر 99805770 پر رابطہ کر کے کی جا سکتی ہے۔