کویت اردو نیوز 26 مئی: کویت کے پہلے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ اور قائم مقام وزیر دفاع شیخ طلال الخالد الصباح نے ہدایت کی کہ مصری جوڑے اور ان کے چھ بچوں کے اقامہ کی تجدید نہ کی جائے اور انہیں عارضی اقامہ فراہم کیا جائے جو تعلیمی سال کے اختتام پر ختم ہو جائے۔
یہ اس وقت ہوا جب پولیس کی جانب سے وزیر داخلہ کو ایک رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ ایک مصری جوڑا خاندانی جھگڑے میں ملوث تھا اور اس جھگڑے کے نتیجے میں والد اپنے ایک دوست کے پاس رہنے چلا گیا جبکہ
ماں بھی اپنے بچوں کو پیچھے چھوڑ کر بغیر کھانے کے اپارٹمنٹ سے نکل گئی جس کی وجہ سے دو بڑے بچوں کو باری باری اپنی نوزائیدہ بہن جس کی عمر ابھی صرف 3 ماہ تھی کی دیکھ بھال کرنا پڑی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بیٹی نے وزارت داخلہ کے آپریشن روم کو فون کیا اور بتایا کہ اس کے والدین نے اسے اور اس کے پانچ بہن بھائیوں کو اکیلا چھوڑ دیا ہے اور وہ بھوکے ہیں اور انہیں دو دن سے کھانے کو کچھ نہیں ملا۔
ذرائع نے روزنامہ کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے پبلک سیکیورٹی امور میجر جنرل عبداللہ الرجیب کو فوری طور پر مطلع کیا گیا، جنہوں نے ہدایت کی کہ چھ بچوں کی دیکھ بھال کی جائے، انہیں تھانے لے جایا جائے اور کھانا فراہم کیا جائے۔
بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی کمیونٹی پولیس کو مطلع کیا گیا، اور ان کے باپ کو طلب کیا گیا۔ اس نے بتایا کہ اسے نوکری سے نکال دیا گیا ہے اور وہ مالی مسائل کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں بیوی کے ساتھ جھگڑا ہو گیا، جس کی وجہ سے وہ چار مہینے پہلے گھر چھوڑنے اور اپنے دوست کے ساتھ رہنے پر مجبور ہو گیا یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ اپنے بچوں کے اخراجات کے لیے پابند ہے اور ٹیوشن فیس اور سکول سے لانے اور لے جانے کے لئے بس کی رقم ادا کرتا ہے۔
جہاں تک بیوی کا تعلق ہے، اس نے کہا کہ وہ اب بچوں کی دیکھ بھال کرنے کے قابل نہیں رہی اور اس کے پاس ان پر خرچ کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے، اور وہ اپنے دوست کے پاس رہنے چلی گئی۔
والدین کے خلاف غفلت کا مقدمہ درج کر کے وزیر شیخ طلال الخالد الصباح کو رپورٹ پیش کی گئی اور انہوں نے پورے خاندان کو عارضی اقامہ دینے کا حکم دیا تاہم اقامہ ختم ہونے کے بعد انہیں ان کے ملک بھیج دیا جائے گا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ شوہر کی پیدائش 1981 جبکہ بیوی کی 1985 میں ہوئی تھی۔ ان کے 6 بچے جن میں 4 لڑکیاں ہیں 2011، 2016، 2019 اور 2023 میں پیدا ہوئیں جبکہ باقی بیٹوں کی پیدائش 2009 اور 2020 میں ہوئی۔