کویت اردو نیوز 23 فروری:حکومت کویت نے پبلک ٹرانسپورٹ اور دفاتر میں کام کرنے والے کارکنان کے حوالے سے اہم فیصلے سنا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق وزراء کی کونسل نے صحت اور احتیاطی تدابیر کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کے ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اہم فیصلہ لے لیا ہے۔ وزراء کونسل کے فیصلے کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ خاص کر بسیں 30 فیصد سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم نہیں کرسکتیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے لئے گئے وزراء کونسل کے فیصلے کا اطلاق کل بدھ 24 فروری سے کیا جائے گا اور اگلا نوٹس آنے تک جاری رہے گا۔
دفاتر میں ملازمین کی تعداد اور شرح کے حوالے سے کابینہ نے اہم فیصلے لئے جن کے مطابق سرکاری محکموں میں ملازمین کی تعداد کا اس طرح تعین کیا جائے کہ ملازمین کی تعداد 30 فیصد سے تجاوز نہ کرسکے۔ تمام سرکاری ایجنسیاں اس کے لئے مناسب فیصد کا تعین اس انداز سے کریں گی جو عوامی مفاد اور کام کی شرائط کے تقاضوں کے مطابق ہو۔ ملازمین کی تعداد میں اضافے کی ضرورت کی صورت میں سول سروس بیورو کے ساتھ ہم آہنگی کی جائے جبکہ پرائیویٹ کمپنیوں و شعبوں کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ نجی شعبوں میں ملازمین کی تعداد 50 فیصد سے تجاوز نہ کرے۔
مجاز صحت حکام کے ذریعہ مقرر کردہ صحت اور حفاظتی ضروریات کے ساتھ کام کے طریقہ کار، قواعد اور لچکدار کام کے اوقات اور سول سروس کے ذریعہ جاری کردہ کام میں بتدریج واپسی کے لئے پالیسیوں اور طریقہ کار کے دستور کے مطابق دفاتر میں کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
مندرجہ بالا تمام فیصلوں کا اطلاق بدھ 24 فروری سے اگلا نوٹس آنے تک جاری رہے گا۔