کویت اردو نیوز 06 مارچ: کرفیو توڑنے والوں کے خلاف سخت جرمانوں کا فیصلہ، کرفیو خلاف ورزی کرنے پر 10،000 دینار تک جرمانہ یا قید کی سزا دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے پولیس فورس کے تعاون سے نیشنل گارڈ اور وزارت دفاع کے ساتھ مل کر ملک بھر میں کرفیو نافذ کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے تاہم ملک کے تمام علاقوں میں آبادی کے حساب سے سیکورٹی سیکٹرز تقسیم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں اور غیر ملکیوں پر قابو پایا جاسکے۔
کرفیو کے دوران جن لوگوں کے پاس اجازت نامہ ہوگا صرف وہی باہر نکلنے کے مجاز ہوں گے۔ اجازت نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے اجازت نامے منسوخ کردیئے جائیں گے اور کرفیو توڑنے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
روزنامہ الرای کے مطابق مریض بکنگ کے ذریعے صحت مراکز تک رسائی حاصل کرسکیں گے جہاں بارکوڈ اسکین کیے جائیں گے۔ کرفیو کے اوقات میں کویتی شہریوں اور غیر ملکیوں کو گھومنے پھرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ ہی دوران کرفیو سائیکلوں کے استعمال کی اجازت ہوگی۔
سیکورٹی ٹیمیں تمام دیوانیوں، کھلے میدانوں، شالے اور پلوں کی نگرانی کرے گی تاکہ عوام کے کسی بھی غیر قانونی اجتماع پر نظر رکھی جاسکے۔ اگر ان کا انعقاد ہوتا ہے تو انہیں گرفتار کر کے متعلقہ مجاز حکام کے پاس بھیج دیا جائے گا جہاں وہ قید یا جرمانے کی صورت میں 10،000 دینار تک جرمانہ ادا کرنے کے پابند ہوں گے۔