کویت اردو نیوز 30 مارچ: ترسیلات زر (رقم منتقلی) پر ٹیکس جلد متوقع، سینٹرل بینک آف کویت کو حکم نامہ جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن پارلیمنٹ علی القطان نے قانون نمبر میں 32/1968 میں ترمیم کرنے کا بل پیش کردیا ہے تاکہ کویت کے مرکزی بینک (CBK) کو یہ حکم دیا جائے کہ وہ مقامی بینکوں، غیر ملکی بینکوں کی برانچوں اور ایکسچینج کمپنیوں کو پابند کرنے کے لئے ضروری طریقہ کار مکمل کرلے اور تمام کرنسیوں میں ترسیلات زر (رقم منتقلی) پر 05 فیصد کے برابر فیس وصول کی جائے۔
بل کے مطابق جمع شدہ فیسیں باقاعدگی سے سرکاری خزانے میں جمع کی جائیں گی۔ سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق معاہدے اور حکومت کی طرف سے مخصوص ترسیلات ان فیسوں سے مستثنیٰ ہیں۔ جو بھی اس قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کو منتقل ہونے والی رقم سے دگنا جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔
وزارت خزانہ کی پیش کش کے مطابق اس قانون کے ایگزیکٹو فرمان کو اس کے نفاذ کے چھ ماہ کے اندر اندر جاری کردیا جائے گا۔