کویت اردو نیوز 29 اپریل: تارکینِ وطن کی واپسی پر پابندی عائد کرنے والا کویت پہلا خلیجی ملک بن گیا ہے۔
کویت کے سوا تمام خلیجی تعاون کونسل کے ممالک نے کوویڈ 19 وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے صحت اور حفاظت کے اقدامات کے مطابق قانونی ویزا رکھنے والے غیر ملکی رہائشیوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے تاہم خلیجی ممالک میں کویت وہ واحد ملک ہے جس نے کویت سے باہر پھنسے تارکینِ وطن کو جائز ویزے رکھنے کے باوجود ملک میں واپس آنے کی اب تک اجازت نہیں دی۔
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق جی سی سی ممالک نے اس وبائی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس پر قابو پانے کے لئے صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کچھ ممالک پر ایوی ایشن کارروائیوں کو محدود کردیا اور یہاں تک کہ براہ راست آنے والی پروازوں پر بھی پابندی عائد کردی لیکن ان اقدامات کے باوجود انہوں نے غیر ملکیوں کے ملک میں داخلے کو روکا نہیں بلکہ اس کے بجائے ممنوعہ ممالک سے آنے والے افراد کو ملک میں داخلے سے پہلے 14 دن کے لئے کسی تیسرے ملک میں قرنطین سے گزرنے کی شرط عائد کی جو کہ ایک مناسب فیصلہ تھا۔
7 فروری 2021 کو کویت کی کابینہ نے غیر ملکیوں پر دو ہفتوں کے لئے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ جاری کیا تھا جو تاحال نافذ العمل ہے اور اگلے نوٹس تک جاری رہے گا۔ ستمبر 2020 میں سعودی حکام نے متعدد مستثنیات کا اعلان کیا جن میں خلیجی ممالک کے شہریوں کو ملک میں داخل ہونے اور باہر جانے کی اجازت بھی شامل ہے۔ انہوں نے غیر سعودیوں کو بھی داخلے کی اجازت دی بشرطیکہ ان کے پاس ملک سے جانے ، واپس آنے ، کام اور رہائش کے لئے اجازت نامے موجود ہوں لیکن تمام فیصلے صحت کی احتیاطی تدابیر، کنٹرول اور طریقہ کار کے مطابق تھے۔ اگرچہ انہوں نے اس سال مئی تک سفری پابندی میں توسیع کی ہے پھر بھی یہ استثناءات نافذ العمل ہیں۔
اگست 2020 میں متحدہ عرب امارات نے منظوری کی پیشگی درخواست کے بغیر رہائشیوں کو واپسی کی اجازت دے دی تھی۔
اگست 2020 کے آغاز میں قطر نے غیر معمولی داخلہ اجازت نامے کے لئے درخواست جمع کروانے کے بعد قطر سے باہر رہائشیوں کو واپس آنے کی اجازت دی۔ اس کے علاوہ وہ رہائشی جو قطر میں ہیں اور سفر اور واپس آنے کی خواہش رکھتے ہیں وہ خود بخود غیر معمولی داخلے کا اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔
سلطنت عمان میں ملک کے سفر سے متعلق تازہ ترین فیصلوں کا اعلان اپریل میں کیا گیا تھا جس میں عمانی شہری ، جائز ویزا رکھنے والے رہائشی اور 5 اپریل سے قبل ویزا حاصل کرنے والے افراد کو داخلے کی اجازت جاری کی گئی تھی۔
بحرین نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ رہائشیوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے گا خلیجی ممالک کے شہری بحرین میں داخل ہوسکتے ہیں جبکہ الیکٹرانک ویزا رکھنے والے افراد یا بحرین پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے کے اہل افراد بھی بحرین میں داخل ہونے کے مجاز ہیں لیکن اس کے ساتھ صحت کے تمام کنٹرولوں اور ضروریات پر عمل کرنے کی ضرورت ہوگی۔