کویت اردو نیوز 05 جون: کویت میں پھنسے ہندوستانی جہاز کا عملہ 14 ماہ بعد بھارت روانہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں ہندوستانی سفارتخانے کے سفیر سبی جارج نے وزارت تعمیر عامہ و مواصلات اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی وزیر مملکت ڈاکٹر رنا الفارس کی طرف سے ہندوستانی عملے کے مسئلے کو حل کرنے میں کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ بھارتی جہاز پچھلے 14 ماہ سے کویت کے الشویبہ پورٹ پر پھنسا ہوا تھا۔ بھارتی جہاز ULA کے عملے کو چند قانونی مسائل کی وجہ سے بھارت واپسی کی اجازت نہیں دی جارہی تھی تاہم وزیر رنا الفارس نے 3 ماہ کے اندر انسانی بنیادوں پر اس معاملے سے نمٹنے کے بعد عملے کو اپنے ملک واپس جانے کی اجازت دی۔
ڈاکٹر رنا الفارس نے متعدد مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے وزارت مواصلات کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مَیری ٹائم ٹرانسپورٹ کے محکمہ اور کویت میں ہندوستان کے سفارتخانے کے ساتھ ذاتی طور پر پیروی کی تاکہ اس مسئلے کو جلد حل کیا جاسکے۔ ڈاکٹر رنا الفارس کی انتھک کوششوں کے بعد 14 ماہ بعد بھارتی جہاز ULA کا عملہ کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے راستے کویت سے بھارت کے لئے روانہ ہوگیا۔