کویت اردو نیوز18 جون: گھریلو ملازمین کرونا ویکسین وصول کیے بغیر کویت میں داخل ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک لیبر آفس کی یونین نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ گھریلو ملازمین کو کابینہ کے اس فیصلے سے خارج کردیا گیا ہے جس کے تحت کویت میں منظور شدہ ویکسینوں کے حصول کے بعد ہی تارکینِ وطن کو کویت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ یہ وضاحت جاری کی گئی ہے کہ گھریلو ملازمین بغیر کسی ویکسی نیشن کے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ روز کابینہ نے اعلان کیا تھا کہ یکم اگست سے جائز رہائشی اقامے رکھنے والےغیرملکیوں کو کویت میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم صرف ان لوگوں کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی جو فائزر، آسٹرا زینیکا ، موڈرنہ یا جانسن اینڈ جانسن حاصل کرچکے ہیں۔
کویت میں داخل ہونے والے غیرملکیوں کو 7 روز کی مدت کے لئے گھریلو قرنطین میں رہنا پڑے گا۔ اگر PCR ٹیسٹ کا نتیجہ منفی ہوتا ہے تو ان کا قرنطین ختم ہوجائے گا۔ کویت میں مخصوص ویکسین وصول کرنے والے افراد صحت کے تقاضوں کے مطابق بیرون ملک سفر کرسکیں گے اور واپس کویت آسکیں گے۔