کویت اردو نیوز 11 جولائی: کویت کے علاقے ابو فطیرہ میں ایک انتہائی بہیمانہ قتل نے جنم لیا جس میں گھریلو سامان کی فراہمی کا کام کرنے والے ایک ہندوستانی شہری کو ہلاک کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کویت کے علاقے ابو فطیرہ میں واقع کویتی گھر میں ایک بھارتی تارکین وطن مردہ حالت میں پایا گیا جو کہ ایک ہوم ڈلیوری کرنے والی کمپنی میں کام کرتا تھا۔ مقتول خون میں لت پت پایا گیا تھا جس پر متعدد تشدد کے نشانات اور سر پر شدید چوٹیں تھیں۔ ایک سیکیورٹی ذرائع نے روزنامہ القبس کو بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور 41 سالہ بھارتی شہری
کی لاش کو دیکھا جس کی پیٹھ پر تشدد کے نشانات تھے۔ نائب پبلک استغاثہ نے فرانزک شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو اٹھانے کا حکم دیا اور موت کی وجہ و وقت کی جانچ کرنے کے لئے فرانزک کے لئے بھجوایا جبکہ متعلقہ فورسز کو جرم کے حالات کی کھوج لگانے کے لئے تفویض کیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ متعلقہ حکام کی ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوا ہے کہ گھر کے مالک کے بیٹے کے گرد شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں جو کہ منظر عام سے غائب ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران متعلقہ فورسز نے اطلاع دی ہے کہ ملزم نے بھارتی ملازم پر حملہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزم کا ڈیٹا تمام سکیورٹی مقامات پر اس کی گرفتاری اور تفتیش کے لئے بھیج دیا گیا ہے تاکہ اس کیس کی وجوہات اور حالات کو سامنے لایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری کا عمل صرف وقت کی بات ہے۔