کویت اردو نیوز 18 اکتوبر: این سی ایم انویسٹمنٹ کی جانب سے کویت میں پاکستانی میڈیکل سٹاف کی پرتکلف دعوت کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق این سی ایم انویسٹمنٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وائس چیئرمین ناصر المری نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر سید سجاد حیدر اور پاکستان سے آنے والے طبی عملے کی نئے بیچ کی آمد کے موقع پر عشائیہ پارٹی میں استقبال کیا۔ اس موقع پر کویتی معیشت کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کویت میں مقیم کاروباری ، طبی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے معزز شخصیات کو مدعو کیا گیا۔ المری نے کویت میں مقیم تمام پاکستانیوں کا مسلسل تعاون ، کوششوں اور کام کے لیے لگن پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہمیشہ اپنے کام سے محبت ، لگن اور
محنت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کویت اور پاکستان کے مابین کئی سرمایہ کاری اور مشترکہ فنڈ کے منصوبوں میں ان کی شرکت کے دوران بہت سے کاموں کو لاگو کیا گیا بشمول میزان اسلامک بینک کا قیام جس کی اب پاکستان میں 800 سے زائد شاخیں ہیں اور 18،000 سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں کاروباری ماحول سرمایہ کاری کے لیے مثالی ہے اور اس کی افرادی قوت
امید افزا ہے۔ المری نے پاکستان سے آنے والے طبی عملے کی کوششوں اور کویت میں کورونا وائرس پر قابو پانے میں ان کی شراکت کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ طبی عملے کی بروقت آمد سے دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان سید سجاد حیدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کویت اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔ کویت میں پاکستانیوں کے تعداد ایک لاکھ کے لگ بھگ ہے اور وہ کویت کو اپنا وطن ثانی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کویت میں مقیم پاکستانیوں کو ترغیب دلاتے ہیں کہ وہ اپنے ہنر اورتعلیم میں مزید سے مزید تر نکھار پیدا کریں اور وقت حاضر کی ضرورت کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ آن لائن ٹریننگ سیشنز کا انعقاد کریں جو کہ کمیونٹی کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔
اس موقع پر ناصر المرعی اور سفیر پاکستان نے مشترکہ بیان میں کویت اور پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر NCM انوسٹمنٹ کے نائب چیئرمین ناصر المرعی اور ہیڈ آف مارکٹنگ فراز مشتاق کی جانب سے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔