کویت اردو نیوز 09 فروری: کویت کی لیبر مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق تمام قومیتوں کے لوگوں کی بڑی تعداد نے لیبر مارکیٹ چھوڑ دی ہے جس سے ان غیر ملکیوں کی تعداد میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گھریلو ملازمین کی تعداد میں تقریباً 60,385 مرد اور خواتین ملازمین کی کمی واقع ہوئی جو کویت میں موجود گھریلو ملازمین کی کل تعداد کا 9 فیصد بنتا ہے اس لحاظ سے ستمبر 2021 کے آخر تک ان کی تعداد 608,230 مرد اور خواتین کارکنان تک پہنچ گئی جبکہ اسی سال کے آغاز میں یہ تعداد 668,615 ہزار مرد اور خواتین کارکن تھی۔ اس زمرے میں ہندوستانی پہلے نمبر پر ہیں اس کے بعد سری لنکا، پھر فلپائنی، بنگلہ دیشی اور پھر نیپالی ہیں۔
اس کے برعکس کویت کی لیبر مارکیٹ میں کویتی شہریوں کا اضافہ دیکھا گیا کیونکہ 2021 کے پہلے 9 مہینوں کے دوران 17,511 کویتی مرد اور خواتین لیبر مارکیٹ کا حصہ بنے ان کی تعداد 4.3 فیصد اضافے کے ساتھ 424,180 ہو گئی جبکہ پہلی جنوری 2021 کو یہ تعداد 406,670 تھی۔ کویت میں شامی غیر ملکی کارکنوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا کیونکہ ان کی تعداد 1.5 فیصد بڑھ کر 30 ستمبر کو 63,279 تک پہنچ گئی، جبکہ 1 جنوری 2021 کو 62,300 شامی تھے۔
لیبر مارکیٹ چھوڑنے والے تارکین وطن کارکنوں میں ہندوستانی سرفہرست ہیں جن میں 48,000 مرد اور خواتین کارکن شامل ہیں جبکہ ان کی تعداد 499,400 سے کم ہو کر 451,380 رہ گئی ہے جو کہ مجموعی طور پر تقریباً 10 فیصد کی کمی ہے۔ مصری دوسرے نمبر پر رہے کیونکہ 2021 کے پہلے 9 مہینوں کے دوران ان کی تعداد 482,000 سے 456,600 تک 5 فیصد سے زیادہ کم ہو گئی۔
بنگلہ دیشی تیسرے نمبر پر رہے ان کی تعداد سال کے آغاز میں 171,400 سے 6 فیصد کم ہو کر 30 ستمبر کو 161,140 ہو گئی جبکہ نیپالی چوتھے نمبر پر رہے اور ان کی تعداد 47,470 سے کم ہو کر 40,100 پر آ گئی۔ فلپائنی کمیونٹی پانچویں نمبر پر رہی جنہوں نے لیبر مارکیٹ چھوڑ دی اور اب سال کے آغاز سے ستمبر 2021 کے آخر تک 70,650 سے 65,900 ہزار پر پہنچ گئی ہے۔ چھٹے نمبر پر پاکستانی تھے جن کی تعداد گزشتہ سال کے پہلے 9 ماہ میں 73,550 سے کم ہو کر 70,380 رہ گئی۔ ساتویں نمبر پر ایرانیوں کی تعداد 747 کی کمی کے ساتھ (21,000 سے کم ہوکر 20,300 پر) اس کے بعد اردن کے لوگ ہیں جن کی تعداد ستمبر 2021 کے آخر میں 25,650 سے 25,190 پر ہے۔
سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2021 کے پہلے 9 مہینوں (جنوری اور ستمبر کے درمیان) میں تقریباً 168,000 تارکین وطن کویت کی لیبر مارکیٹ چھوڑ چکے ہیں جن میں تقریباً 60,400 مرد اور خواتین گھریلو ملازمین اور 107,900 مرد و خواتین نجی اور سرکاری شعبوں سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کارکنان شامل ہیں۔
لیبر مارکیٹ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ تمام قومیتوں کے لوگوں نے لیبر مارکیٹ چھوڑ دی ہے جس سے ان غیر ملکیوں کی تعداد میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے سوائے ان شامیوں کے جن کی مقامی لیبر مارکیٹ میں تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔