کویت اردو نیوز 11 فروری: امیری معافی کمیٹی نے ایک اندازے کے مطابق 350 قیدیوں کے ناموں کی فہرست مرتب کی ہے جو قانونی کنٹرول کے مطابق رواں سال امیری معافی کے دائرے میں ہیں۔
ذرائع نے القبس کو بتایا کہ 100 قیدیوں بشمول شہری، بدون اور تارکین وطن کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے گا جبکہ مزید 250 قیدیوں کی سزا میں کمی یا ان کے مالی جرمانے میں کمی کی جائے گی۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اٹارنی جنرل ان ناموں کی فہرست منظوری کے لیے پبلک پراسیکیوشن کو بھیجیں گے جس کے بعد انہیں جانچ پڑتال اور منظوری کے لیے امیری دیوان کے پاس پیش کیا جائے گا اور انھیں رہا کرنے کا حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔
ذرائع نے عندیہ دیا کہ رہائی پانے والے تارکین وطن کو ڈی پورٹیشن سینٹر کے حوالے کر دیا جائے گا جبکہ رہائی پانے والے شہریوں اور بدون کو ان کی بقیہ سزا کے دوران سفر کرنے سے روکا جائے گا اور ان کی بعد کی دیکھ بھال کی جائے گی۔ ان کے لیے اچھے اخلاق کا ہونا ضروری ہے اور اگر اس دوران ان سے کوئی جرم سرزد ہوتا ہے تو اس شخص کو پبلک پراسیکیوشن کے سامنے پیش کیا جائے گا اور اسے دوبارہ جیل بھیج دیا جائے گا۔
امیری معافی کی فہرست میں پچھلے سال 459 قیدی شامل تھے جبکہ 2020 میں 480 اور 2019 میں 706 قیدی تھے۔ یاد رہے کہ چھوٹے اور عام جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی کا اعلان کویت کے قومی اور آزادی کے دنوں (25 اور 26 فروری) کی مناسبت سے کویت امیری دیوان کی جانب سے ہر سال کیا جاتا ہے جس سے کویتی شہری، بدون اور غیرملکی قیدیوں کی بڑی تعداد اس معافی سے مستفید ہوتی ہے۔