کویت: سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کی تعداد کو کم کرنے کے فیصلے سے مسافر اور ائیرلائنز شدید مشکلات کا شکار ہو چکی ہیں۔
اتوار سے کویت ایئرپورٹ پر آنے والے مسافروں کی تعداد کو کم کرکے 1000 تک کرنے کے اچانک فیصلے نے نا صرف مسافروں کو الجھن کا شکار کردیا ہے بلکہ ائیر لائنز اور ٹریول آپریٹرز بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
کویت میں ایوی ایشن، سیاحت اور ٹریول انڈسٹری سے وابستہ ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے 21،000 ایسے مسافر متاثر ہوں گے جنہوں نے فیصلہ آنے سے قبل ہی اپنے ٹکٹ خرید لئے تھے اور آنے والے چند دنوں میں کویت پہنچنے کی توقع کر رہے تھے۔
روزنامہ الرای کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز جمعہ اور ہفتے کی پروازوں کے لئے ائیر لائنز کے ٹکٹ بکنگ کی اعلی مانگ تھی جس نے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 300 فیصد تک اضافہ کردیا ہے جبکہ کچھ ٹکٹ قریب کے ممالک سے آنے والوں کے لئے 500 دینار سے بھی تجاوز کرگئی۔ ان دو دنوں کے دوران دستیاب سیٹیں چند منٹوں میں بیچ دی گئیں۔ یومیہ 5،000 مسافروں کی بجائے 1،000 مسافر کویت ایئرپورٹ کے آپریشن میں واپسی کے پہلے مرحلے کے فریم ورک میں ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ائیر لائنز اور ٹریول ایجنٹوں نے اپنی پروازوں کو نئی ضروریات کے مطابق دوبارہ طے کرنا شروع کردیا ہے۔ اگر ائیر لائنز کویت ایئرپورٹ پر روزانہ 3 پروازیں اڑاتی ہیں تو وہ دو پروازوں کو منسوخ کرکے پروازوں کی تاریخوں میں تبدیلی کرکے روزانہ ایک پرواز طے کریں گی۔ محدود تعداد میں مسافروں کے ساتھ پرواز کرنا آپریشنل فزیبلٹی نہیں ہوگی اور کمپنیوں پر زیادہ بوجھ ڈالا جائے گا جو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے پہلے ہی بحران کا شکار ہیں۔
محمد المطائری نے کہا کہ "کویت جانے کے لئے مسافروں کی اچانک 80 فیصد کمی کرنا مسافروں یا سفر اور سیاحت کی کمپنیوں یا ائیر لائنز کے لئے ایک مکمل تباہی ہے۔ کسی بھی ائیرلائن کے لئے اس صورتحال میں کام کرنا مشکل ہے کیونکہ اس میں ایندھن کی قیمت بھی پوری نہیں ہوتی ہے۔ ٹکٹوں کی قیمت اس سطح پر دگنا کرنا جسے کوئی مسافر برداشت نہیں کرسکتا نے مسافروں کو انتہائی الجھن میں ڈال دیا ہے۔
البشیر جو ایک ٹریول کمپنی کے جنرل منیجر ہیں نے بتایا کہ کالعدم 35 ممالک کے بہت سے تارکین وطن کارکنان جنہوں نے 24 جنوری کو واپس کویت آنا تھا نے اپنے منصوبوں کو تبدیل کرنا شروع کردیا ہے خاص طور پر وہ لوگ جنہوں نے غیر پابندی والے ممالک میں قرنطین کے 14 دن مکمل کرلئے تھے ان لوگوں کی کوشش تھی کہ ٹکٹ کی قیمت میں اضافے سے پہلے جلد از جلد ٹکٹ بک کروالیں کیونکہ اب دبئی سے کویت کی ٹکٹ 500 دینار تک پہنچ چکی ہے۔
متعلقہ ذرائع نے اشارہ کیا کہ آنے والے مسافروں کی تعداد کو کم کرنے کے فیصلے سے گھریلو ملازمین کو استثناء حاصل ہے اور یہ ان کے واپسی کے طریقہ کار پر مبنی ہے۔ 14 دن کے لئے گھریلو قرنطین میں احتیاطی تدابیر کے اعلی درجے کے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ متعدد پی سی آر ٹیسٹ کئے جائیں گے۔