کویت اردو نیوز 16 مارچ: کویتی فیملی کے لیے کام کرنے والی ہندوستانی ملازمہ کو کھانے میں گندگی ڈالنے پر گرفتار کر کے ملک بدری کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایک کویتی شہری نے اپنی نوکرانی کے حوالے اس معاملے کی اطلاع سیکیورٹی حکام کو ایک ویڈیو کلپ کے ذریعے دی تاکہ اس کا جرم ثبوت کے ساتھ دکھایا جا سکے۔ کویتی فیملی کو لگتا تھا کہ ان کی ہندوستانی ملازمہ کے تیار کردہ کھانے کا ذائقہ عجیب ہے اور پہلےسے بدل گیا ہے۔ اس لیے نوکرانی کے علم میں لائے بغیر کچن میں ایک سرویلنس کیمرہ لگا دیا گیا۔ ویڈیو فوٹیج کو چیک کرنے پر خاندان کو یہ دیکھ کر شدید جھٹکا لگا کہ نوکرانی کھانے پینے کی اشیاء میں مائع فضلہ ڈال رہی ہے۔ ثبوت کے طور پر ویڈیو کلپ دکھانے پر نوکرانی نے اعتراف کیا کہ وہ خاندان سے بدلہ لینے کے لیے یہ جان بوجھ کر کر رہی تھی کیونکہ
اسے علیحدہ بیت الخلاء کے ساتھ ایک کمرہ دیا گیا تھا جو گھر کی چھت پر واقع ہے۔کیپیٹل گورنریٹ کے سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عابدین العابدین نے اس عجیب رویے کی وجہ سے اسے ملک بدر کرنے کے حکم نامے پر دستخط کیے کیونکہ
ملازمہ کویتی خاندان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا کر پچھلے ایک سال سے باقاعدگی سے ان کے کھانے میں گندگی ڈال رہی تھی۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو کلپ کے کافی کلپ ثبوت کے طور پر فراہم کئے گئے تھے جن کی بنیاد پر ملزمہ پر اقدام قتل کے جرم میں فرد جرم عائد کر کے سنگین سزا دی جا سکتی تھی لیکن اس کے بجائے اسے کویت سے ملک بدر کر دیا جائے گا۔