کویت اردو نیوز 18 مئی: کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ احمد النواف نے حال ہی میں وزیر انصاف و وزیر مملکت برائے جسٹس جمال الجلاوی کے ساتھ ساتھ وزارت داخلہ و جسٹس کے متعلقہ حکام اور
پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ساتھ تارکین وطن کارکنوں کی خلاف ورزیوں کی فائل پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران شیخ احمد النواف نے نشاندہی کی کہ مذکورہ فائل حساس اور اہم ہے کیونکہ یہ ریاست کی تہذیب اور انسانی حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے روزنامہ السیاسہ کو بتایا کہ اجلاس میں پیش کی گئی سفارشات میں سے ایک سفارش میں رہائشی اقامہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے اپنی حیثیت درست کرنے، جرمانے ادا کرنے اور
مفرور مقدمات کو نمٹانے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع نے وضاحت کی کہ اس تجویز کا مقصد اقامہ کی خلاف ورزی کرنے والوں جن کی تعداد ایک لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ ہے کی حیثیت کو درست کرنا ہے۔
وزارت داخلہ نے کورونا بحران کے دوران تقریباً 27,000 استفادہ کنندگان کے ساتھ ’لیو سیف‘ مہم چلائی جنہیں جرمانے کی ادائیگی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔ ذرائع نے مزید کہا کہ اس سے ریاست کو لاکھوں کویتی دینار خرچ ہوں گے کیونکہ کل جرمانہ 600 دینار تک محدود کیا جائے گا تاہم یہ عندیہ دیا گیا ہے کہ آخری تاریخ کے بعد وسیع حفاظتی مہم چلائی جائے گی۔