کویت اردو نیوز 09 اپریل: یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی جانب سے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال رمضان المبارک کے پر مسرت و بابرکت مہینہ میں مقابلہ حسن قرأت کی پروقار تقریب کا انعقاد مسجد ابو رافع (جلیب الشیوخ)میں کیا گیا جس میں بچوں کی کثیر تعداد نے رجسٹریشن کروائی اور مقابلہ میں بھرپور حصہ لیا۔
پروگرام کا با قاعدہ آغاز ابراہیم شفیق کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا.افتتاحی کلمات میں صدر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نوید پاشا نےمہمانوں کو خوش آمدید کہا اور یوتھ ونگ کےسالانہ پروگرامات کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ
اسلامی معاشرے میں تعمیر شخصیت انتہائی ضروری ہے۔ یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نوجوانوں کی شخصیت کی تکمیل کیلیے کویت میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرتی ہے۔
مقابلہ حسن قرأت کے قواعد و ضوابط نوید اقبال نے پیش کیے۔
کم سن بچوں نے انتہائی خوبصورت انداز اور پُرسوز آواز میں قرأت کی۔ تقریب کی رونق شعبہ یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی شب و روز محنت کا منہ بولتا ثبوت تھی۔
مہمان خصوصی صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جاوید اقبال نے کہا کہ ہم الله تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک کے بابرکت لمحات میں قرآن کی محفل کرنے کی توفیق عطا فرمائی اور والدین کو بھی مبارک باد پیش کی کہ انھوں نے اس محفل قرآن میں شرکت کی۔ انھوں نےیوتھ ونگ کو بچوں کو قرآن سے جوڑنے کے لیے مسابقہ حسن قرأت پر مبارک باد پیش کی سٹیج سیکریٹری کے فرائص امتیاز بھٹی نے احسن طریقے سے انجام دیے۔
ججز کے فرائص نوید اقبال، مشتاق احمد، ندیم احمد نے انجام دیئے۔ مقابلہ حسن قرأت میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ پروگرام کا اختتام مشتاق احمد نے دعائیہ کلمات سےکیا۔ اس پُروقار تقریب کی صوتی و بصری کوریج اسلامک ايجوکيشن کميٹی کويت میڈیا نے کی۔