کویت اردو نیوز : سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ سعودی عرب میں حج اور عمرہ زائرین کے انتظامات کے حوالے سے تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اس معاہدے کی منظوری منگل کو شاہ سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی نگران وفاقی کابینہ نے رواں سال حج پالیسی 2024 کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
اس وقت پاکستان سے عازمین حج کا کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 50 فیصد سرکاری سکیم کے تحت اور باقی پرائیویٹ سکیموں کے تحت حج ادا کریں گے۔
پاکستانی وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج آپریشن کی تیاریاں گزشتہ ماہ سے شروع کر دی گئی تھیں۔
اس سلسلے میں نگراں وزیر مذہبی امور نے سعودی عرب کا دورہ بھی کیا، اس دوران انہوں نے مختلف حج سروس فراہم کرنے والے اداروں کے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور اس سال عازمین حج کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عمارتیں حاصل کرنے کے لیے مالکان سے معلومات حاصل کر رہی ہے جب کہ حج مشن نے دیگر امور کی تکمیل کے لیے بھی کام شروع کر دیا ہے۔