کویت اردو نیوز 14 جنوری: کویت میں کورونا وائرس میں کمی اور صحت کی صورتحال میں استحکام پیدا ہو رہا ہے: ترجمان وزارت صحت عبداللہ السند
تفصیلات کے مطابق ملک میں صحت کی صورتحال میں تیزی سے استحکام پیدا ہورہا ہے۔ کورونا وائرس کے کیسوں میں واضح کمی کے بعد کویت دنیا کے ان ممالک میں شامل ہورہا ہے جنہوں نے کسی حد تک وائرس پر قابو پا لیا ہے اور صحت کی صورتحال میں استحکام پیدا ہورہا ہے۔
وزارت صحت کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر عبد اللہ السند نے وائرس کے خلاف ملک میں استحکام کے بارے میں خوشی کا اظہار کیا اور اپنے بیان میں کہا کہ کویت اس وقت ان ممالک میں شامل ہے جو "وبائی امراض کی صورتحال میں کمی اور استحکام کا مشاہدہ کررہا ہے۔ انہوں نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کمیونٹی ممبران اور اداروں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم نے کسی حد تک وائرس پر قابو پا لیا ہے تاہم نگہداشت ضروری ہے۔ اس طرح کے اقدامات کا تسلسل مزید بہتری کے لئے لازمی ہے۔
السند نے کورونا سے متعلق پیشرفتوں کے حوالے سے 97 ویں (صحت) کانفرنس میں مزید کہا کہ کویت کی وزارت صحت سے وابستہ اسپتال کا مشاہدہ جاری ہے اور انتہائی نگہداشت وارڈز میں (کوویڈ 19 ) کے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت صحت پوری دنیا میں انسانیت کے تحفظ کی خواہاں ہے خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں وائرس کی صورتحال کی شدت میں اضافے کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔ ہم اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ خدا اس وبا کو دور کرے اور سب کو ہر طرح کے نقصان سے بچائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "دنیا نے برطانیہ میں متعلقہ حکام کا (کوویڈ 19) ویکسین کے استعمال پر انحصار کا مشاہدہ کیا ہے جس کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے تیار کیا تھا امید ہے کہ یہ ویکسین ریاست کویت تک پہنچ جائے گی۔ اس کے استعمال کی حفاظت اور تاثیر کو یقینی بنانے کے لئے کچھ عالمی اور مقامی اقدامات کی تکمیل کے بعد اسکا استعمال کیا جاسکے گا۔
ڈاکٹر السند نے شہریوں اور رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس وقت ملک سے باہر سفر کرنے سے گریز کریں "جب تک کہ کوئی انتہائی ضرورت نہ ہو”۔