کویت اردو نیوز 02 اپریل: رمضان کے آخری دس دنوں میں مکمل کرفیو کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران جزوی کرفیو جاری رکھنے کے فیصلے کے بعد وزراء کونسل رمضان المبارک کے آخری دس دنوں میں مکمل کرفیو عائد کرنے کی تجویز پر غور کریں گے۔
روزنامہ القبس کی شائع کردہ خبر کے مطابق گزشتہ پیر کے روز شائع کردہ خبر کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ شائع کردہ خبر میں رمضان المبارک کے آخری دس دنوں میں مکمل کرفیو کی توقع ظاہر کی گئی تھی تاہم اب ایک اعلیٰ سرکاری ذرائع نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ماہ رمضان میں جاری رہنے والی جزوی پابندی مکمل کرفیو کی صورت اختیار کرلے گی۔ آخری عشرے میں مکمل کرفیو کے نفاذ کی تجویز وزراء کونسل کی میز پر موجود ہے۔ ماہ رمضان کے آخری عشرے میں لوگ مجالس کا اہتمام کرتے ہیں جبکہ سماجی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے جس سے کورونا وائرس کے معاملات میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے۔
القبس ذرائع نے انکشاف کیا کہ جزوی پابندی 22 اپریل تک جاری رہے گی جس کے بعد ملک میں کیسوں کی پیشرفت اور متاثرین کی تازہ ترین تعداد کے مطابق مطالعہ کیا جائے گا اور توقع ہے کہ اس کے بعد ہی فیصلہ سامنے آئے گا۔
ذرائع نے مزید کہا کہ اگر وائرس کی صورتحال اسی طرح جاری رہی اور معاملات میں کمی واقع نہیں ہوئی تو پھر امکان ہے کہ جزوی پابندی اس ماہ کی 22 تاریخ سے آگے بڑھا دی جائے گی اور پھر انتخاب ایک ہی ہوگا جس کے مطابق رمضان المبارک کے آخری دس دنوں میں عید الفطر کے بعد تک مکمل پابندی عائد کردی جائے گی۔
ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ ہر ایک کو صحت کی ضروریات پر عمل کرنا ہوگا تاکہ ملک کو معمول کی زندگی میں واپس لایا جاسکے۔