کویت اردو نیوز 22 اپریل: امیر کویت نے صدر پاکستان سے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام شہر کوئٹہ میں دہشت گردی کے بم دھماکے کے متاثرین پر اظہار تعزیت کیا۔
تفصیلات کے مطابق عزت مآب امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو تعزیت کا پیغام بھیجا جس میں انہوں نے دہشت گردی کے واقع میں ہونے والے بم دھماکے کے متاثرین سے دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دھماکہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سرینا چوک ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
امیر کویت نے خواہش کی کہ اللہ پاک متاثرین پر اپنی رحمت فرمائے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے ساتھ تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کویت اس مذموم دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے جس میں بے گناہ لوگوں کی جانوں کو نشانہ بنایا گیا جو تمام قوانین اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔
دوسری جانب کویت کے ولی عہد شہزادہ شیخ مشعل الاحمد اور وزیر اعظم کویت شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے بھی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ اظہار تعزیت اور دہشت گردی کے نتیجے میں بم دھماکے کے متاثرین کے لئے مخلص تعزیت کا پیغام بھیجا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں سرینا چوک پر ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوئے تھے۔ دھماکے سے کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی تھی جبکہ ہوٹل سمیت قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔