کویت اردو نیوز 07 جون: ماسک نہ پہننے سمیت صحت سے متعلق ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 50 دینار کا فوری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہیلتھ افیئرز کمیٹی نے ماسک نہ پہننے سمیت صحت کی ضروریات کو پورا نہ کرنے والے ہر شخص پر 50 دینار کا فوری جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسروں کو لگنے والی بیماریوں سے بچنے کے لئے صحت سے متعلق احتیاطی قانون میں ترمیم سے متعلق اپنی رپورٹ میں کمیٹی نے کہا ہے کہ اس وقت نافذ قانون سخت سزاؤں کے پیش نظر مفاہمت کی شق سے خالی ہے جس میں 5000 دینار کے جرمانے اور تین ماہ قید کی سزا ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اس ترمیم کے مطابق عوامی مقامات ، اجتماعات، ٹیکسیوں اور عوامی نقل و حمل میں ہونے والی خلاف ورزیوں کی نگرانی کی جائے گی اور دفعہ 3 اور آرٹیکل 17 میں مذکورہ بالا معاملات میں خلاف ورزی کرنے والوں پر فوری جرمانہ عائد کیا جائے گا جو جان بوجھ کر وائرس پھیلانے کے مترادف ہے۔
یاد رہے کہ صحت و متعلقہ حکام کی جانب سے پہلے ہی کویت کے مختلف علاقوں میں صحت سے متعلق بتائی گئی ضروری ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایسی مہمات جاری ہیں جبکہ اب سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ سختی سے پیش آنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔