کویت اردو نیوز 23 جون: سول سروس کمیشن کے لئے کام کے لچکدار اوقات ختم کردیئے گئے اب کام معمول کے اوقات کار کے مطابق کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سول سروس بیورو کی صدر مریم العقیل نے گذشتہ روز منگل کو 25 جولائی سے سول سروس بیورو میں کام کرنے کی شرح 100 فیصد کرنے کے لئے ایک سرکلر جاری کیا۔ سرکلر کے مطابق لچکدار کام کے اوقات اور شفٹس کے نظام کو منسوخ کرتے ہوئے سول سروس بیورو میں پوری افرادی قوت اور معمول کے اوقات کار کے مطابق کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حاضری لگانے اور کام سے رخصت سے قبل فنگر پرنٹ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ مریم العقیل نے دفتری کام کے اوقات معمول کے مطابق سات گھنٹے کے لئے بحال کردیئے ہیں جس کے مطابق کام کے اوقات کار صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک ہوں گے جبکہ یہ سرکلر 25 جولائی بروز اتوار سے لاگو ہو گا۔
دوسری جانب حاملہ ملازم ، معذور ملازم ، دل کی بیماریوں ، گردے کی خرابی اور کینسر میں مبتلا ملازمین کو رعایت دی گئی ہے بشرطیکہ یہ امراض مجاز میڈیکل اتھارٹی کے سرٹیفکیٹ میں ثابت ہوں۔ یہ سرکلر ان دنوں کے بعد سامنے آیا ہے جب وزراء کی کونسل نے سول سروس بیورو کو کام کے مراکز میں عوام کو خدمات فراہم کرنے کے لئے صبح و شام شفٹ سسٹم کے نفاذ کے طریقہ کار کا مطالعہ
کرنے کا حکم دیا تھا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ کونسل کی طرف سے مقرر کردہ ڈیڈ لائن کے مطابق بیورو کچھ دنوں میں وزراء کونسل کو اپنے خیالات پیش کرے گا۔