کویت اردو نیوز 17 مارچ: العارضیہ کے علاقے میں کویتی خاندان (باپ، ماں اور بیٹی) کو قتل کرنے والے ہندوستانی ملزم نے جیل میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ پراسیکیوشن، فرانزک ڈیپارٹمنٹ کو خودکشی کی اطلاع دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ القبس نے کویت کے علاقے العارضیہ میں کویتی خاندان کو قتل کرنے والے بھارتی شہری کی خودکشی کی تفصیلات شائع کیں۔ العارضیہ کے علاقے میں شوہر، بیوی اور ان کی بیٹی پر مشتمل کویتی خاندان کو قتل کرنے کے ملزم بھارتی باشندے نے آج شام سینٹرل جیل کے اندر خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ایک سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ جس سیل میں ہندوستانی ملزم کو رکھا گیا تھا اسی کے اندر اس نے خود کو پھانسی لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود کو پھانسی دینے کے لئے ملزم نے کپڑے کے ایک ٹکڑے کا استعمال کرتے ہوئے اسے اپنی گردن میں مضبوطی سے لپیٹ کر سیل کے اندر دو منزلہ بیڈ پر
خود کو لٹکا لیا یہاں تک کہ اس کی زندگی کا خاتمہ ہو گیا۔ ذرائع نے اشارہ کیا کہ سینٹرل جیل کے رہنماؤں نے یہ جاننے کے لیے ایک وسیع تحقیقات کا آغاز کیا کہ ملزم نے سیل کے اندر کیسے خودکشی کی اور پبلک پراسیکیوشن آفس کو معائنے اور تفتیش کے لیے واقعے سے آگاہ کیا گیا۔ یاد رہے کہ 10 روز قبل
کویت کے علاقے العارضیہ میں ایک ہولناک واقع پیش آیا تھا جس میں ایک غیرملکی بھارتی شہری نے ایک گھر میں گھس کر 3 کویتی شہریوں (میاں، بیوی اوربیٹی) کو قتل کر کے 300 دینار اور زیورات چوری کر لئے تھے جسے کچھ ہی روز میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے خلاف قانونی کاروائی جاری تھی تاہم بھارتی شہری نے گزشتہ شام جیل کے اندر ہی خود کو پھانسی دے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔