کویت اردو نیوز 21 مئی: کویت میں اسکول کا طالب علم اپنے اسکول کے قریب سڑک عبور کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔ ڈاکٹروں کی 15 سالہ نوجوان کی جان بچانے کی کوششیں ناکام ثابت ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں ایک 15 سالہ طالب علم اپنے اسکول کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ مصری شہریت سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ طالب علم کو کویتی خاتون ڈرائیور نے اس وقت ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا جب وہ اپنے اسکول کی طرف جانے والی سڑک عبور کر رہا تھا۔ متاثرہ کو کویت کے علاقے سالمیہ کے ایک اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹر اس کی جان بچانے کی کوششیں بے سود رہے۔ کویتی ڈرائیور خاتون کو گرفتار کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ مقامی اخبارات کے مطابق کویت میں 2022 کے پہلے تین مہینوں میں سڑک حادثات کے نتیجے میں 65 اموات ریکارڈ کی گئیں۔
روزنامہ القبس نے سرکاری اعدادوشمار کے حوالے سے مزید کہا کہ ہلاکتوں میں جنوری میں 24، فروری میں 23 اور گزشتہ ماہ 18 افراد شامل ہیں جبکہ زیادہ تر متاثرین نوجوان تھے۔ حادثے یا تو تیز رفتاری، موبائل فون پر بات کرنے یا سرخ ٹریفک لائٹس کی خلاف ورزی کرنے کا نتیجہ تھے۔ ٹریفک حکام کے اعداد و شمار کے مطابق کویت میں گزشتہ دو سالوں کے دوران سڑک کے سانحات میں تقریباً 675 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس تعداد میں 2021 میں 323 جبکہ اس سے پچھلے سال 352 افراد شامل تھے۔