کویت اردو نیوز: پرائیویٹ سیکٹر میں ملازمین کے لیے پارٹ ٹائم کام کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے کے آغاز کے بعد، کویت کی پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت کے ایک سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا کہ اتھارٹی اس فیصلے کے نفاذ اور متعلقہ آپریشنل طریقہ کار کے لیے رہنما خطوط متعارف کرانے کے عمل میں ہے۔
تمام عمل خودکار اور باضابطہ طور پر اتھارٹی کے منظور شدہ پروگراموں بشمول "آسان سروس” ” آسان ایپلی کیشن” اور اتھارٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق، ویب سائٹس پر ایک فارم دستیاب کرایا جائے گا جسے صحیح طریقے سے پُر اور آن لائن جمع کرانا ہوگا جو کہ اصل کفیل سے منظوری جبکہ دوسرے آجر کی توثیق کے ساتھ مکمل ہونا چاہیے۔
مزید کنٹرولز اور شرائط پر فی الحال غور کیا جا رہا ہے، انہیں منظوری کے لیے وزیر داخلہ کے سامنے پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔ خیال رہے کہ کویت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال خالد الاحمد الجابر الصباح نے نئے سال کے آغاز سے ایک وزارتی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں کسی دوسرے فریق کے ساتھ جز وقتی (پارٹ ٹائم) ملازمت کی اجازت دی گئی تھی جس کے لئے اصل کفیل کی منظوری لینا لازم قرار دیا گیا تھا۔ کوئی بھی شخص کسی دوسرے آجر کے لیے جز وقتی کام میں روزانہ زیادہ سے زیادہ 4 گھنٹے کام کر سکتا ہے، بشرطیکہ وہ افرادی قوت کے لیے پبلک اتھارٹی سے پارٹ ٹائم ورک پرمٹ حاصل کریں۔