کویت اردو نیوز 26 اپریل: کویت کابینہ نے بھارت کی مدد کے لئے فوری طور پر آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت کی کابینہ نے آج ہونے والے ہفتہ وار اجلاس کے دوران ہندوستان کو آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی اور امدادی سامان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت اس وقت کورنا وائرس کے شدید بحران سے دوچار ہے جس کی وجہ سے بھارت بڑھتی ہوئی ہلاکتوں اور کورونا وائرس کے انفیکشن کا سامنا کررہا ہے۔
جہاں بھارت کے پڑوسی ممالک امداد میں پیش پیش ہیں وہیں کویت نے بھارت کی فوری مدد کا فیصلہ کویت اور ہندوستان کے مابین دوستی کے ممتاز تعلقات کے فریم ورک کے پیش نظر لیا ہے۔
کابینہ نے آج کے اجلاس میں کورونا وائرس کی نئی تغیر پزیر لہر کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہندوستان میں صحت کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بڑھتی ہوئی اموات اور انفیکشن کا سامنا کرنا پڑا اور اسی سبب کویت کی جانب سے بھارت کو آکسیجن سلنڈرز کی فوری فراہمی کا فیصلہ لیا گیا ہے۔