کویت اردو نیوز 24 دسمبر: کویت کے وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کروا لی۔
روزنامہ القبس کی رپورٹ کے مطابق کویتی وزیر اعظم شیخ صباح الخالد نے کورونا وائرس کے خلاف Pfizer ویکسین وصول کرلی۔ وزیراعظم کے ویکسین لینے کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شیخ صباح الخالد نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "فائزر ویکسین محفوظ ہے، اسے بین الاقوامی اداروں نے منظور کیا ہے اور ہر ایک کو صحت کے طریقہ کار پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔”
اسی تناظر میں وزیر مملکت برائے کابینہ امور انس الصالح نے کورونا وائرس کے خلاف فائزر ویکسین وصول کرنے کے بعد "ویکسی نیشن مہم کی نگرانی کرنے والے کارکنوں اور عملے کی زبردست کاوشوں اور حفاظتی ٹیکوں کے عمل کو آسان بنانے کے لئے سرکاری ایجنسیوں کی کوششوں کو سراہا۔
وزارت صحت کے ترجمان عبداللہ السند نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ "ٹویٹر” پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعہ پیغام ارسال کیا کہ ” ہم نے اللہ کا نام لے کر ویکسی نیشن اور حفاظتی ٹیکوں کے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے اور ایک ساتھ مل کر کورونا وائرس کا مقابلہ کریں گے۔
گذشتہ روز سے کویت کی توجہ مشرف فئیر گراؤنڈ کی طرف مبذول ہو گئی ہے جہاں "فائزر” ویکسین کی پہلی کھیپ ملک بھر میں خصوصی ریفریجریٹرز کے ذریعے مشرف گراؤنڈ ویکسی نیشن سنٹر پہنچی۔
ویکسی نیشن مہم کے آغاز کی تیاریوں کے اپنے معائنہ کے دوران وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے زور دے کر کہا کہ "فائزر” ویکسین کی باقی کھیپ ہر ماہ وصول کی جائیں گی اور تب تک ویکسی نیشن مہم ایک سال تک جاری رہے گی جب تک ملک کے تمام یا زیادہ تر باشندوں کو ویکسی نیشن نہ دے دی جائے۔ پہلے مرحلے میں صحت کے کارکنان ، فرنٹ لائن کارکنان اور بوڑھے افراد کو ویکسی نیشن دی جائے گی۔