کویت اردو نیوز 10 جنوری: قومی دن منانے کے لئے شیخ عبداﷲ السالم کلچرل سنٹر کی جانب سے کویت میں شہریوں اور تارکین وطن کو دعوت عام دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ عبداللہ السالم کلچرل سنٹر کویت کا قومی دن منانے کے لئے پرجوش ہے اور اس دن کو رنگارنگ سرگرمیوں اور تقریبات کے ساتھ منانے کا خواہشمند ہے کیونکہ 2021 ایک خصوصی سال ہوگا جس میں کویت اپنے نئے امیر عزت مآب شیخ نواف الاحمد الصباح کے دور حکومت میں پہلی بار اپنا قومی دن منائے گا جبکہ اس موقع پر کویت کی آزادی کےتیس سال مکمل ہونے کی خوشی میں کلچرل سینٹر ایک بھرپور اور رنگارنگ پروگرام ترتیب دے رہا ہے۔
شیخ عبداللہ السالم کلچرل سنٹر نے اس موقع پر خوشی اور مسرت کے ساتھ شہریوں اور تارکینِ وطن کو اس جشن کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔
مرکز نے اس دعوت نامے میں کہا کہ ہم آپ اور آپ کے بچوں سے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے شاہکار ہمیں ارسال کرنے کی خواہش رکھتے ہیں خواہ وہ کوئی ڈرائنگ ہو یا آزادی کی مناسبت سے نظمیں، کویت کی تاریخ کے حوالے سے مضامین یا کہانیاں جس میں کویت کے ماضی کی عکاسی کی گئی ہو۔
شیخ عبداللہ السالم کلچرل سنٹر نے دعوت نامے میں بچوں کے لئے خصوصی پیغام تحریر کرتے ہوئے پوچھا کہ ” آپ کے لئے اس ملک میں کویت کی ساٹھویں جشن آزادی منانا کیسا ہے؟ کویت میں رہتے ہوئے آپ کے مستقبل کے لئے کیا خواب ہیں؟ ہم تمام بچوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ 15 فروری 2021 تک اس جشن کو منانے کے لئے ہمیں اپنے "تحفے” بھیجیں۔
مرکز ایک نمائش کا اہتمام کرے گا جس میں ان "تحائف” کو بھی شامل کیا جائے گا اور اس پروگرام میں شریک تمام بچے نوجوان فنکار بنیں گے جن کے قومی دن کی تقریبات کے دوران اس نمائش میں فن کے حیرت انگیز فن پارے آویزاں کیے جائیں گے۔
اندراج کا طریقہ کار آسان ہے: بچے A4 شیٹ استعمال کریں اور اس پر کوئی نظم لکھیں یا تصویر بنائیں۔ کاغذ پر اپنا نام اور عمر لکھیں پھر ہمیں ای میل کے ذریعے [email protected] پر بھیجیں۔
مرکز نے بچوں کے ساتھ بڑوں کی شرکت یقینی بنانے کے لئے ان کے لئے بھی سرگرمیاں ترتیب دی ہیں۔سنٹر نے فوٹو گرافی کے ایک مقابلے کا انعقاد کیا ہے جس میں تمام فوٹوگرافروں کو ملک کی آزادی کا جشن منانے اور اس میں حصہ لینے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ سنٹر نے دعوت نامے پر لکھا ہے کہ ہمیں مخصوص تحفہ (ہر فوٹو گرافر کی کھینچی گئی تصویر جو ای میل کے ذریعے اپنے ذاتی ڈیٹا کے ساتھ بھیجی جائے)۔ جیوری بہترین تصاویر کا انتخاب کرے گی۔ مزید معلومات کے لئے براہ کرم ہم سے رابطہ کریں: [email protected]۔