کویت اردو نیوز 02 فروری: کویت ایئرپورٹ پر آنے والے مسافروں کی محدود تعداد کے فیصلے میں توسیع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ القبس کو دیئے گئے اپنے تازہ بیان میں ڈاریکٹریٹ جنرل سول ایوی ایشن (DGCA) نے بتایا کہ ہر آنے والی پرواز میں 35 مسافروں یا ایک دن میں ایک ہزار مسافروں کی کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد کی حد جو اگلے ہفتہ 6 فروری کو اختتام پذیر ہونی تھی اب اس ماہ کے آخر تک اس فیصلے میں توسیع کردی گئی ہے۔
روزنامہ القبس کی خبر کے مطابق اس فیصلے کے آغاز سے ہی اس کے نتائج کی توقع کی جارہی تھی۔ اس فیصلے کے بعد ہوائی ٹکٹ کی قیمتوں میں زبردست اضافے ہوئے تھے جبکہ بعض ایئر لائنز نے تجارتی آپریشن معاشی مشکلات کے سبب معطل کردیئے تھے جبکہ بعض ائیر لائنز نے اپنی طے شدہ پروازیں منسوخ کردی تھیں۔ ایک اندازے کے مطابق پچھلے مہینے 60،000 کے قریب سفری ٹکٹ منسوخ کردیئے گئے تھے۔
اس فیصلے کا اثر صرف کویت آنے والے مسافروں پر ہوگا کیونکہ کویت سے روانہ ہونے والی پروازوں پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں کیا گیا ہے تاہم گھریلو ملازمین کو اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہے۔
کویت آنے والے مسافروں کی تعداد محدود کرنے کے فیصلے میں توسیع کا فیصلہ ملک میں آنے والے کچھ مسافروں کے منفی پی سی آر ٹیسٹ ہیں جو انہوں نے آمد کے وقت عملے کو پیش کئے تاہم کویت ائیرپورٹ پر آمد کے دوران مسافروں کے لئے گئے پی سی آر ٹیسٹ مثبت ثابت ہوئے جو حکام کے لئے ایک پریشان کن صورتحال ہے۔ مختلف ممالک سے کویت آنے والے مسافر ان ممالک سے منفی پی سی آر ٹیسٹ لےکر آتے ہیں تاکہ ثبوت پیش کرسکیں کے وہ کورونا سے پاک ہیں لیکن کویت ائیرپورٹ پر انہی مسافروں کے پی سی آر ٹیسٹ مثبت آرہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ہوائی اڈے کو بند کرنے کے فیصلے سمیت مسافروں میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے معاملات، ان پر قابو پانے کے لئے نئے طریقہ کار اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے وزارت صحت اور سول ایوی ایشن انتظامیہ کے عہدیداروں پر مشتمل جمعرات کو ایک اجلاس منعقد ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ صورتحال تشویشناک ہے جس میں ضابطوں کو سخت کرنے اور صحت کی ضروریات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے خاص طور پر انتباہ کیا گیا ہے کہ شادیوں، ہجوم اور اجتماعات کا تسلسل انفیکشن میں اضافے کا سبب بنے گا اور اس کے پھیلنے کا سبب بنے گا جس سے ملک میں سنگین صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔