کویت اردو نیوز 26 مارچ: کویت پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت (PAM) نے 16,848 فائلوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا جو درست سول پتے کے بغیر پائی گئیں ہیں۔
ان میں 22,863 لائسنس بھی شامل ہیں جن پر ملک میں رہائش پذیر 61,688 کارکنان آرٹیکل 18 کے تحت رجسٹرڈ ہیں تاہم کارکنوں کی قانونی حیثیت کو درست کرنے کے لئے ایک ماہ کی رعایتی مدت دی گئی ہے۔
ایسا نائب وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور قائم مقام وزیر دفاع شیخ طلال خالد الاحمد الصباح کی ہدایت پر سامنے آیا ہے تاکہ ملک میں آبادیاتی نظام کو ریگولیٹ کرنے کی طرف ریاست کے رجحانات کی روشنی میں "نجی شعبے میں لیبر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کنٹرول سخت کیا جا سکے”۔
اتھارٹی نے خلاف ورزی کرنے والی فائلوں کے مالکان کو ان کی قانونی حیثیت میں ترمیم کرنے کے مقصد سے فائلوں کو معطل کرنے کی تاریخ سے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔ مخصوص مدت کے اندر قانونی حیثیت میں ترمیم نہ ہونے کی صورت میں معاملہ متعلقہ تحقیقاتی حکام کو بھیجا جائے گا۔