کویت اردو نیوز 18 فروری: "کویت مسافر” پلیٹ فارم پر ہوٹلوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اب تک تقریباً 45 ہوٹلز کویت مسافر ایپلی کیشن پر رجسٹریشن مکمل کرچکے ہیں۔
کویت مسافر ایپلی کیشن پر ہوٹلوں کی تیزی سے رجسٹریشن کا سبب وزارت صحت اور سول ایوی ایشن کا وہ مشترکہ فیصلہ ہے جس کے باعث ملک میں داخل ہونے والے غیر ملکیوں اور کویتی شہریوں کے لئے 21 فروری سے 3,4 اور 5 اسٹارز ہوٹلز میں 7 دن تک قرنطین کی مدت پوری کرنا لازمی شرط ہے۔
تفصیلات کے مطابق روزنامہ الانباء نے گذشتہ روز کویت ہوٹل مالکان ایسوسی ایشن کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی کہ کورونا بحران کے دوران ہوٹلوں کی آمدنی میں 100 ملین سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے اور ہوٹل مالکان کے پاس اپنی معیشت کو مستحکم کرنے یہ ایک سنہرا موقع ہے لہٰذا ہوٹلوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ ہوٹلوں کی ایک بڑی تعداد اس پلیٹ فارم میں شامل ہونا چاہتی ہے۔
یاد رہے کہ آج بروز جمعرات کویت سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک سرکلر میں اعلان کیا گیا ہے کہ 21 فروری 2021 سے 35 ممنوعہ ممالک کے تارکین وطن مسافروں کے لئے ضروری ہے کہ وہ کویت واپس آنے کے لیے قرنطین کی غرض سے 14 دن کی ہوٹل بکنگ کروائیں جبکہ اس کے برعکس غیر ممنوعہ ممالک کے رہائشیوں کو صرف 07 دن کے لئے ہوٹل قرنطین بکنگ کروانا ہو گی۔