کویت اردو نیوز 04 مئی: آسٹرازینیکا-آکسفورڈ ویکسین وصول کرنے والوں کو دوسری خوراک کے لئے طلب کیا جانے لگا۔
روزنامہ الجریدہ کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت نے 12 ہفتے قبل کورونا کے خلاف ایسٹرا زینیکا آکسفورڈ ویکسین کی پہلی خوراک وصول کرنے والے افراد کو ٹیکسٹ میسجز بھیجنا شروع کردیئے ہیں تاکہ وہ اس ویکسین کی دوسری خوراک حاصل کرسکیں۔ قابل اعتماد ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ آسٹرا زینیکا آکسفورڈ ویکسین کی دوسری خوراک کو کویت ویکسی نیشن سنٹر میں مشرف کی نمائش گراؤنڈ اور اس مقصد کے لئے نامزد صحت مراکز میں بھیج دیا جائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ امارات ایئر لائنز کے ذریعے بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز سے فائزر بائیو نیک ٹیک کی 15 ویں کھیپ اتوار کو پہنچنے والی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس کھیپ کو فوری طور پر کویت ویکسی نیشن سینٹر پہنچایا جائے گا تاکہ ان افراد کو ویکسین دی جاسکے جنہوں نے پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کروالی ہے۔
یاد رہے کہ کویت میں ویکسین وصول کرنے والوں کی تعداد 1.110 ملین سے زیادہ ہو چکی ہے اور اس ہفتے کے آخر تک یہ تعداد بڑھ کر 1.250 ملین ہوجائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اب تک پوری دنیا میں ویکسین وصول کرنے والے افراد کی تعداد 1.150 بلین سے تجاوز کر چکی ہے۔