کویت اردو نیوز 21 مارچ: کویت نے متعدد تجارتی شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کے خبر رساں ادارے کی جانب سے شائع کی جانے والی خبر کے مطابق کویت کے وزیر برائے امور خارجہ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح نے جمعہ کو پاکستان کو یقین دلایا کہ کویت مستقبل میں متعدد تجارتی شعبوں میں پاکستانی ہنر مند افرادی قوت میں اضافہ کرنے کا عزم رکھتا ہے۔
ڈاکٹر صباح نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی سید ذوالفقار بخاری کو اس بارے میں منعقدہ ایک اجلاس میں یقین دہانی کرائی۔ سید ذوالفقار بخاری نے ایک ٹویٹ میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو بہتر بنانے سے متعلق کویت کے وزیر کے خیالات کا خیر مقدم کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد چودھری نے بریفنگ میں پاکستانیوں کے لئے کویت ویزا پر پابندی کے بارے میں سوال کے جواب میں امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی اس مسئلے کو حل کر لیا جائے گا۔ زاہد چودھری نے بتایا کہ ڈاکٹر الصباح نے کویت کی ترقی میں ایک لاکھ کے قریب تارکین وطن پاکستانیوں کی مثبت شراکت کو سراہا ہے۔
دریں اثنا ڈاکٹر صباح سے ملاقات کے دوران صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کویت کو اپنے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کے تحت ابھرتے ہوئے معاشی مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ صدر نے کہا کہ سی پیک اورگوادر پورٹ کی وجہ سے پاکستان کی جغرافیائی معاشی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین تعلیم ، صحت اور سائنس کے شعبوں میں باہمی تعاون کی بہت زیادہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہوں نے ملک کو ہنرمند مزدوروں اور پیشہ ور افراد کو مواقعے فراہم کرنے کی پیش کش بھی کی۔
صدر پاکستان نے یہ بات بھی واضح کی کہ پاکستان کویتی فوجی اہلکاروں کو تربیت بھی فراہم کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کو سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔
دونوں شخصیتوں نے موجودہ سطح پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے باہمی فوائد کے لئے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پاکستانی صدر نے بھارتی ناجائز مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر روشنی ڈالی اور خاص طور پر اسلامی تعاون تنظیم کے موقع پر پاکستان کے مؤقف کے لئے کویت کی حمایت کی تعریف کی۔