کویت اردو نیوز 14 اگست: (محمد عرفان شفیق۔ کویت) پاک ڈونرز کی جانب سے 14 اگست، یوم آزادی کی مناسبت سے عطیہ خون کے کیمپ کا انعقاد العدان بلڈ بنک میں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک ڈونرز کی جانب سے یوم آزادی کی مناسبت سے عطیہ خون کے کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ دیگر قومیتوں کے افراد نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی۔ کورونا وباء کے پیش نظر وزارت صحت کی جانب سے عائد کردہ قواعد و ضوابط کے تحت 300 سے زائد افراد نے خون کا عطیہ دینے کے لیے پیش کیا۔ اس کیمپ کا انعقاد پاکستانی بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن (پاک ڈونرز) نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی (یوتھ ونگ)، پاکستانی لائف لائن (پاکستانی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اِن کویت)، کویت سینٹرل بلڈ بنک اور سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے کیا تھا۔
پاکستانی بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن کا قیام 2011 میں عمل میں آیا تھا جو کہ
اپنی نوعیت کی کویت میں پہلی تنظیم ہے جس کا مقصد عوام میں عطیہ خون کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ بوقت ضرورت خون کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تنظیم کے تحت سولہ مرتبہ کیمپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے جس میں ہزاروں افراد نے اپنے خون کے عطیات دیے ہیں علاوہ ازیں روزمرہ خون کی ضرورت کے حساب سے تنظیم اپنا بھرپور کردار ادا کرتی ہے۔
کویت میں سفیر اسلامی جمہوریہ پاکستان سید سجاد حیدر، انکی اہلیہ محترمہ عنبرین مصطفیٰ اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فرخ عامر سیال نے خصوصی طور پر اس کیمپ میں شرکت کی اور تنظیم کی کارکردگی کو سراہا۔ کیمپ آمد پر سفیر پاکستان کا استقبال چیئرمین پاکستان بلڈ ڈونرز ایسوسی ایشن محمد عارف بٹ، نعمان اسلم گھمن (ہیڈ پاک ڈونرز، کویت چیپٹر)، الطاف حسین (کیمپ انچارج)، مسز شائستہ زاہد(ہیڈ ویمن ونگ، پاک ڈونرز) ، پاکستانی لائف لائن کے صدر ڈاکٹر رحمت اللہ، اسلامک ایجوکیشن کمیٹی (یوتھ ونگ) کے صدر صدف علی صدف و دیگر ارکان نے کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے شرکاء کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی دیار غیر میں ملک کے سفیر ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگی میں قائد کے افکار اور نظریات سے سبق سیکھیں تاکہ اقوام عالم میں ہمار ا مثبت پہلو اجاگر ہو سکے۔
سفیر پاکستان نے کیمپ کا دورہ کیا اور کیمپ کے انتظاما ت کو وزارت صحت کے اصولوں کے عین مطابق تسلی بخش قرار دیا۔ محترمہ عنبرین مصطفیٰ نے کیمپ میں خواتین کی شمولیت کو حوصلہ افزاء قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ کرنے والے افراد کسی نہ کسی فرد کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
۔NCM انوسٹمنٹ کے نائب صدر جناب ناصر المرعئ نے بھی اپنے عملے کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ شیخہ سہیلہ الصباح، ڈاکٹر سامعیہ السعیدان و دیگر کویتی تنظیموں اور ان کے وفود نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپ میں شرکت پر مسرت کا اظہار کیا اور پاکستانی کمیونٹی کے لیے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا۔ پاکستانی کمیونٹی کے متعدد ارکان نے کیمپ کا دورہ کیا اور انتظامات کو خوش آئند قرار دیا۔ بلڈ بنک کی جانب سے کیے گئے خصوصی اور پروفیشنل انتظامات پر پاک ڈونرز کی انتظامیہ بلڈ بنک کی ٹیم اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے انتھک محنت کے ساتھ کیمپ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
چیئرمین پاک ڈونرز محمد عارف بٹ، بانی عامر حمید اور شریک بانی احسان الحق عنایت نے اپنے پیغامات میں ٹیم کو کامیاب کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی جن کی شب وروز محنت سے کامیاب کیمپ انعقاد پذیر ہوا۔ کیمپ کے اختتام پر منتظمین نے بلڈ ڈونرز، اسلامک ایجوکیشن کمیٹی، پاکستانی لائف لائن (پاکستانی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اِن کویت) کے ٹیم کے ارکان اور والینٹیرز کا شکریہ ادا کیا۔
آخرمیں سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین، پاکستانی لائف لائن کے صدر ڈاکٹر رحمت اللہ، اسلامک ایجوکیشن کمیٹی (یوتھ ونگ) کے صدر صدف علی صدف اور چیئرمین پاک ڈونرز محمد عارف بٹ نے ٹیم انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کیمپ منتظمین کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم منتظمین اور ڈونرز دراصل ہمارے ہیرو ہیں، پاکستانی کمیونٹی کویت میں اپنا خاص مقام رکھتی ہے اور پاک ڈونرز ہمیشہ کی طرح کویت بلڈ بنک کی جانب سے خون کی قلت کی اپیل پر اپنا اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انتہائی کامیاب کیمپ کا انعقاد ٹیم کے ارکان کی شبانہ روز محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اسکے ساتھ ساتھ کویت بلڈ بنک کی انتظامیہ کا شکریہ، جن کی ٹیم نے انتھک محنت کی۔ پاک ڈونرز ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی عطیات خون کے حوالے سے دوسری کمیونٹیوں تک پیغام آگاہی پہنچاتا رہے گا۔