کویت اردو نیوز 09 ستمبر: کویت میں نئے زیر تعمیر ائیرپورٹ پر گزشتہ روز ہوا حادثہ دو مزدوروں کی جان لے گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کویت کے نئے زیر تعمیر ائیرپورٹ پر مٹی کا تودا گرنے سے تین نیپالی کارکن ملبے تلے دب گئے تھے جن میں سے صرف ایک نیپالی مزدور کو نکال لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اس حادثے میں موت کا شکار ہوگئے۔ فائر فائٹرز جن کا مشن آگ سے زندگیوں کو بچانے کا ہے کل مٹی کے ملبے تلے تین کارکنوں کو بچانے میں مصروف نظر آئے۔فائر فائٹرز اپنی کوششوں میں کامیاب تو رہے لیکن تین میں سے دو کارکنوں کی زندگیوں کو بچا نہ سکے۔ حادثے کے فوراً بعد اطلاعات موصول ہونے پر
وزیر تعمیرات عامہ اور وزیر مملکت برائے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر رنا الفارس جائے وقوع پر پہنچیں اور اس حادثے کے ذمہ دار فریقین کو جوابدہ ٹھہرانے اور جلد از جلد ضروری قانونی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
جنرل فائر بریگیڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل خالد رکان المکراد ، وزارت پبلک ورکس کے انڈر سیکرٹری ، انجینئر ولید الغانم ، ائیر پورٹس فائر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد ال محمید ، ڈائریکٹر ائیرپورٹ پراجیکٹس امپلی مینشن ڈیپارٹمنٹ ، انجینئر ابراہیم المساد اور پبلک فائر فورس ، وزارت داخلہ اور وزارت تعمیرات عامہ کے کئی حکام جائے حادثہ پر موجود تھے۔
اس حادثے میں زندہ بچ جانے والے نیپالی کارکن کے حوالے سے بریگیڈیئر جنرل ال محمید نے روزنامہ الرای کو تصدیق کی کہ فائر فائٹرز اس تک پہنچنے میں کامیاب رہے پہلے اس کے جسم کا آدھا حصہ نکالا تھا کارکن نے فائر فائٹرز سے بات چیت بھی کی تاہم بعد میں اس کو مکمل طور پر باہر نکال لیا گیا اور ایمرجنسی میڈیکل عملے کے حوالے کیا گیا تاکہ اسے ہسپتال لے جایا جائے۔