کویت اردو نیوز: کویت میں مقیم 60 سے بڑی عمر والے کارکنان کے رہائشی اجازت ناموں (اقامہ) کی تجدید کے معاملے پر فیصلہ بہت جلد جاری کئے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں مقیم 60 سال سے بڑی عمر والے افراد کے اقاموں کی تجدید کے لئے پیش کی گئی تجاویز کے بعد حتمی حل پر غوروفکر جاری ہے۔ وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر عبداللہ السلمان نے وزیراعظم شیخ صباح الخالد کے ساتھ 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے گروپس جو کہ ہائی اسکول کے ڈپلومہ اور اس سے کم سرٹیفکیٹ رکھتے ہیں کے لیے رہائش کی تجدید کی فائل کا جائزہ لیا جس کے مطابق اس گروپ کو رہائشی اجازت نامے کی تجدید کے لئے 2000 دینار فیس ادا کرنی ہوگی۔ اس مسئلے کا حتمی حل تلاش کرنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی جا رہی ہیں جن کا جائزہ
بہت جلد لیا جائے گا۔ وزیر تجارت و صنعت ڈاکٹر عبداللہ آل سلمان غیر ملکیوں کی رہائش کی تجدید اور ہیلتھ انشورنس کے لیے سالانہ 500 کویتی دینار فیس لاگو کرنے کے حق میں ہیں۔
وزیراعظم نے درخواست کی ہے کہ اس حوالے سے پیش کی گئی تمام تجاویز وزراء کونسل کی مشاورتی ٹیم کو پیش کی جائیں تاکہ لیبر مارکیٹ کے مفاد میں مناسب سفارشات پیش کی جائیں اور حکومت کے ڈیموگرافک پلان سے متصادم نہ ہوں۔ ذرائع نے بتایا کہ پیش کی گئی تجویز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے سفارشات بھی لے گی جو کہ پبلک اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے افرادی قوت کے فیصلے کی مخالفت کرتی ہے۔ زیادہ تر امکان ہے کہ فیصلہ اس ہفتے یا اگلے ہفتے تک جاری کیا جائے گا۔