کویت اردو نیوز 03 اکتوبر: کویت وزارت داخلہ کے انڈر سیکرٹری جنرل شیخ فیصل نواف الصباح کا شیخ جابر الاحمد کاز وے پر تفریحی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شیخ جابر الاحمد کازوے پر ہوئے حادثے کے نتیجے میں وزارتِ داخلہ نے عوام سے کازوے پر تفریحی سرگرمیوں سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ شیخ جابر الاحمد کازوے پر کچھ روز قبل ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں اردنی شہری نے دو سائیکل سوار لڑکیوں کو اپنی گاڑی سے کچل ڈالا۔ سائیکل پر سوار دونوں لڑکیاں اردنی اور کویتی شہریت کی مالک تھیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی دونوں لڑکیوں کی عمریں لگ بھگ 34 اور 35 سال تھپں۔ حادثے میں اردنی سائیکل سوار لڑکی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئی جبکہ کویتی لڑکی کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی۔ حادثے کا سبب بننے والے اردنی شہری کا پیچھا کرتے ہوئے اسے صلیبیخات کے علاقے سے گرفتار کرلیا گیا جسے مزید
کاروائی کے لیے الشامیہ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ وزارت داخلہ نے جمعہ کو عوام پر زور دیا کہ وہ اپنی حفاظت کی خاطر شیخ جابر الاحمد کاز وے پر تفریحی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ وزارت کے انڈر سیکرٹری جنرل شیخ فیصل نواف الصباح نے ہدایت کی کہ پیدل چلنے اور سائیکل چلانے کے ساتھ ساتھ دیگر تفریحی سرگرمیوں پر بھی پابندی لگائی جائے۔ پابندی کا مقصد پل پر حادثات میں اضافے کے بعد کاز وے استعمال کرنے والے لوگوں کو حادثات سے محفوظ رکھنا ہے جو سپیڈ اور مانیٹرنگ کیمروں سے لیس ہے۔