کویت اردو نیوز 10 فروری: پاکستان سپورٹس ایسوسی ایشن کویت کے زیر اہتمام چھٹے سالانہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چھٹے سالانہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کا انعقاد 12 فروری بروز جمعہ دوپہر 01 بجے سے شام 06 بجے تک مرکزی بلڈ بنک جابریہ میں کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کے بانی و ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان عادل , صدر مقبول احمد اور سینئر نائب صدر محمد یونس شاہد نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "الحمد للہ کیمپ کی تیاریاں مکمل ہیں اور ہم سنٹرل بلڈبینک جابریہ کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزارت صحت کویت کے اصولوں کے مطابق بلڈ ڈونیشن کیمپ کی سرگرمیاں سر انجام پائیں گی”۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کمیونٹی عطیہ خون جیسی عظیم انسانی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے اور اس حوالے سے کمیونٹی میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کویت میں بسنے والے تمام افراد کو بلڈ ڈونیشن کیمپ میں شرکت کی دعوت دی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ لوگوں کی ایک کثیر تعداد بلڈ ڈونیشن کیمپ میں شرکت کرے گی۔
ایسوسی ایشن کے بانی و ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان عادل نے کہا کہ "عطیہ خون عظیم انسانی خدمت ہونے کے ساتھ ساتھ ایک صدقہ جاریہ بھی ہے اور وطن عزیز پاکستان کا نام روشن کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی، پاکستان سپورٹس ایسوسی ایشن کویت کی ٹیم گزشتہ کئی سالوں سے یہ فریضہ کامیابی سے ادا کر رہی ہے اور ہم اللہ رب العزت کے حضور دعا کرتے ہیں کہ وہ خدمت انسانیت کے اس عظیم کام میں سب کی کاوشوں کو اپنی بارگاہ عالیہ میں قبول و منظور فرمائے اور اس نیک مشن میں ہمیں کامیابی اور کامرانی نصیب فرمائے اور ہم سب کیلئے صدقہ جاریہ بنائے”۔ آمین یا رب العالمین