کویت سٹی 10 جون: روزنامہ عرب ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کے سرکاری ترجمان انجینئر سعد الاطبیبی کا کہنا ہے کہ ڈی جی سی اے نے مسافروں اور ہوائی نقل و حمل کمپنیوں کی ذمہ داریوں کی وضاحت کرتے ہوئے کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تجارتی پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا منصوبہ مکمل کرلیا ہے اور ہوائی اڈے پر کام کرنے والی سرکاری اور نجی ایجنسیوں کے کام کی نوعیت کی وضاحت بھی کردی گئی ہے۔
ایک پریس بیان میں انجینئر العطعیبی نے اس منصوبے کے نمایاں نکات کی وضاحت کی جو بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) اور بین الاقوامی ہوائی نقل و حمل کے توثیق کے معیار کے مطابق مسافروں کے لئے خود کار خود خدمات کو شروع کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔
ان خودکار خدمات میں بورڈنگ پاس جاری کرنے کے لئے آلات کی موجودگی، سامان کو سنبھالنے کے لئے خودکار طریقہ کار اور مسافروں سے براہ راست رابطہ کئے بغیر فلائٹ ٹکٹوں کی تصدیق کے لئے تکنیکی ذرائع اور آلات استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک ادائیگی کی خدمات شروع کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں کے ہجوم کو روکنا بھی پلان کا اہم حصہ ہے۔
اس منصوبے میں مسافروں کے لئے روانگی اور آمد کے لئے الگ الگ راستے متعارف کروانا شامل ہے جو پارکنگ سے شروع ہوکر امیگریشن ڈیسک اورکسٹم انسپیکشن ایریا تک جائے گا نیز ہوائی اڈے میں داخل ہونے سے پہلے اور ہوائی جہاز میں سوار ہونے سے قبل مسافر جسمانی درجہ حرارت کے ٹیسٹ کروائیں گے۔
انجینئر عطعیبی نے اشارہ کیا کہ تجارتی پروازیں آہستہ آہستہ 30 فیصد کی شرح سے دوبارہ شروع ہوں گی ہر ایک پرواز کی آمد کے بعد دوسری پرواز کی آمد میں ایک گھنٹے کا وقفہ لازم ہوگا تاکہ تمام آپریشنل علاقوں کو جراثیم کش ادویات کے اسپرے سے پاک کردیا جائے۔ مسافروں کو پرواز سے تین گھنٹے قبل ائیرپورٹ پر آنا ہوگا ہر مسافر پر لازم ہوگا کہ وہ صحت کی ہدایات کی سخت پابندی کرے۔ یہ دونوں اقدامات انتہائی ضروری تقاضے ہیں۔ ایک اور اقدام یہ ہے کہ لوگوں کو آنے اور جانے والے دونوں ہالوں میں مسافروں کے ساتھ جانے یا انتظار کرنے سے روکنا سوائے ان افراد کے جو بوڑھوں اور خصوصی ضروریات والے افراد کے ساتھ ہیں۔ ہوائی اڈے کے ہر علاقے میں آلات کی موجودگی کو یقینی بنانا اور مسافروں کے انتظار اور بیٹھنے کے مقامات پر سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لئے زمین پر نشانیاں قائم کرنا بھی اہم اقدامات کا حصہ ہیں۔
ائیرپورٹ راہداری کے تمام کاؤنٹرز پر شیشے کی رکاوٹیں بھی لگائی جائیں گی تاکہ عملے اور مسافروں دونوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ طیارے میں سوار اور اترنے کے دوران ہموار ٹریفک کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ صحت اور حفاظت کے دونوں اقدامات پرعمل پیرا ہوں گے۔
حوالہ: عرب ٹائمز